متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پرامن یوم سوگ کے موقع پر اندرون سندھ ایم کیوایم کے کارکنان کے احتجاجی مظاہرے ،اندرون سندھ یوم سوگ کے موقع پر ایم کیوایم زونل دفاتر ، گھروں ،کاروباری مراکز ، شاہراہوں اور چوراہوں پرسیاہ پرچم لہرائے گئے

ہفتہ 8 فروری 2014 23:04

عمرکوٹ سندھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پرامن یوم سوگ کے موقع پر اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں پریس کلبوں کے باہر ایم کیوایم کے زونوں کے تحت احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات ہوئے ۔ یوم سوگ کے موقع پر اندرون سندھ ایم کیوایم کے زونل دفاتر ، گھروں ،کاروباری مراکز ، شاہراہوں اور چوراہوں پرسیاہ پرچم لہرائے گئے جبکہ کارکنان اور عوام نے اپنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھ رکھی تھیں ۔

ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف یوم سوگ کے موقع پر ایم کیوایم جامشورو زون کے تحت جامشورو پریس کلب ، عمر کوٹ زون کے زیر اہتمام عمر کوٹ پریس کلب کے باہر ، بدین زون کے زیراہتمام بدین پریس کلب ، گھوٹکی زون کی جانب سے گھوٹکی پریس کلب کے باہر ، خیر پور زون کے زیراہتمام خیر پور پریس کلب کے سامنے ، دادو زون کے تحت داود پریس کلب ، لاڑکانہ زون کے زیراہتمام جناح باغ پریس کلب ، قمر شہداد کوٹ زون کے تحت قمبر پریس کلب ، شکار پور زون کی طرف سے شکار پور پریس کلب ، کشمور زون کے تحت کشمو ر پریس کلب اور جیکب آباد زون کے زیراہتمام جیکب آباد پریس کلب کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں ذمہ داران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہروں کے شرکاء نے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور اس ظلم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف نعرے اور مطالبات درج تھے ۔ احتجاجی مظاہروں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے حق پرست اراکین اسمبلی اور زونل انچارجز نے کہاکہ کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے خلاف ایم کیوایم کے کامیاب پرامن سوگ نے ثابت کردیا ہے کہ ظلم و نا انصافی کے خلاف اب تمام قومیتیں الطاف حسین کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ٹارگٹڈآپریشن کے دوران ایم کیوایم کے 10کارکنان کے ماورا ئے عدالت قتل اور 45سے زائد کارکنان کو گرفتاریوں کے بعد لاپتہ کردینا کھلا سیاسی انتقام اور ظلم ہے اور اس ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہوکر آج اندرون سندھ کے مظلوم عوام مظلوموں کے قائد الطا ف حسین سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نفرت اور تعصب کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے ، ایم کیوایم قومی سطح کی جماعت ہے اور اس میں ملک کی تمام قومیتوں کے مظلوم عوام کی نمائندگی شامل ہے اور غیر قانونی اور غیر آئینی ہتھکنڈے اور ماورائے عدالت اقدامات کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان اور عوام کو نہ تو خوفزدہ کیاجاسکتا ہے اور نہ ہی انہیں احتجاج کے جائز حق سے باز رکھا جاسکتا ہے ۔

احتجاجی مظاہروں کے بعد زونل آفسوں پر ماورائے عدالت قتل کئے گئے کارکنان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں شہداء کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، اسیر کارکنان کی جلد رہائی ، ان کے بلند حوصلے اور الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا کی گئیں ۔