کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، الطاف حسین

ہفتہ 8 فروری 2014 23:01

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داروں کو آئین و قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں۔لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہا ہے کہ وہ انتہائی افسوس کے ساتھ عوام کے علم میں یہ بات لانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکن محمد سلمان کے ماورائے عدالت قتل کی تفصیلات بتانے کے لئے وزیراعلی سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت متعدد اعلی حکام کو بذات خود فون کئے مگر کسی نے انہیں جوابی فون کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔

انہوں نے کہاکہ جب قوم کو جوابدہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے حکام اور حکومتی عہدیدار اپنے فرض سے کوتاہی اورغفلت کا مظاہرہ کرتے رہے تو پھر پاکستان کااللہ ہی حافظ ہوگا۔

(جاری ہے)

الطا ف حسین نے کہا کہ وہ ایم کیوایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پرامن یوم سوگ کے سلسلے میں کاروبار اورٹرانسپورٹ بند رکھنے پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ تنظیموں ، پیٹرول پمپس اور سی این جی ایسوسی ایشنز کا بھی دل کی گہرائی سے شکریہ اداکرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محمد سلمان سمیت ایم کیو ایم کے دیگر کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داروں کو آئین قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں۔