مذاکراتی کمیٹی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار اور طالبان شوریٰ کے نمائندوں کو بھی شامل ہونا چاہیے ‘رحیم اللہ یوسفزئی،مذاکرات کیلئے قبائلی علاقوں میں جانا بھی مشکل کام ہے ،طالبان سے مذاکرات کا معاملہ مرحلہ وار آگے بڑھے گا ، رکن حکومتی کمیٹی

ہفتہ 8 فروری 2014 22:56

مذاکراتی کمیٹی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار اور طالبان شوریٰ کے نمائندوں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) حکومتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ میری ذاتی تجویز ہے کہ مذاکراتی کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور دوسری طرف سے طالبان شوریٰ کے نمائندوں کو بھی اس میں شامل ہونا چاہیے تاکہ یہ معاملہ براہ راست آگے بڑھ سکے ،طالبان سے مذاکرات کا معاملہ مرحلہ وار آگے بڑھے گا ۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا کہ دونوں طرف سے قائم کمیٹیوں کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اس میں مزید لوگوں کو شامل کرنا چاہیے اور اگر طالبان چاہیں تو اس میں مزید لوگ بھی شامل کرسکتے ہیں ۔ جہاں تک حکومتی کمیٹی کا سوال ہے تو میری ذاتی رائے ہے کہ کسی وفاقی وزیر کو بھی اس میں شامل ہونا چاہیے اور خصوصاً وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس میں شامل ہوں تو بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف طالبان کی سیاسی کمیٹی معاملا ت آگے بڑھا رہی ہے اگر طالبان شوریٰ کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہو جائیں تو یہ معاملہ براہ راست آگے بڑھ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی نمائندہ کمیٹی سے ابتدائی بات ہوئی ہے اور اب وہ طالبان سے بات کر کے انکے موقف بارے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے قبائلی علاقوں میں جانا بھی ایک مشکل کام ہے ۔