صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو چیلنج سمجھ کر بہتر بنا رہے ہیں،پرویزخٹک، آزادی کے ساٹھ سال بعد بھی ہمارے لوگ ان دونوں سہولیات سے نابلد اور ان کو ترس رہے ہیں حکمرانوں کے طرز عمل سے واضح ہو گیا کہ انہیں رعایا کی تعلیم وتربیت اور صحت سے زیادہ ذاتی تجوریاں بھرنے کی فکر رہی،اپنے دور حکومت میں عوام کو نہ صرف تعلیم و صحت بلکہ تمام شہری و بنیادی حقوق لوٹائیں گے ،، وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 8 فروری 2014 20:48

صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو چیلنج سمجھ کر بہتر بنا رہے ہیں،پرویزخٹک، ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی زیرقیادت موجودہ اتحادی حکومت صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو چیلنج سمجھ کر بہتر بنا رہی ہے افسوس کہ آزادی کے ساٹھ سال بعد بھی ہمارے لوگ ان دونوں سہولیات سے نابلد اور ان کو ترس رہے ہیں حکمرانوں کے طرز عمل سے واضح ہو گیا کہ انہیں رعایا کی تعلیم وتربیت اور صحت سے زیادہ ذاتی تجوریاں بھرنے کی فکر رہی مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور اپنے دور حکومت میں عوام کو نہ صرف تعلیم و صحت بلکہ تمام شہری و بنیادی حقوق لوٹائیں گے جس میں انکے پارٹی قائد عمران خان کا تعاون اور سرپرستی بھی کسی نعمت سے کم نہیں اُنہوں نے یقین دلایا کہ شعبہ صحت کی بہتری و اصلاح کیلئے ہم ہر حد تک جانے کو تیار ہیں اس سلسلے میں ہم قومی سطح پر ماہرین کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم اور ان سے تعاون کی درخواست بھی کرتے ہیں وہ پشاور کے تین روزہ دورے پر آئے پاکستان کالج آف فزیشن اینڈ سرجن کی گیارہ رکنی ٹیم سے باتیں کر رہے تھے کالج کے صدر پروفیسر ظفراللہ چوہدری کی زیرقیادت کراچی سے آئے وفد میں طبی تعلیم کے جید ماہرین و مدرسین شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی اور سیکرٹری صحت غلام قادر خان بھی اس موقع پر موجود تھے وفد نے وزیر اعلیٰ کونوجوان ڈاکٹروں کیلئے کالج کی تحقیقی وتدریسی خدمات کی صوبوں اورشہروں کی سطح پرتوسیع دینے کے پروگرام سے آگاہ کرنے کے علاوہ محکموں کی اصلاح اور کرپشن کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انکی بدولت شعبہ صحت بھی زیادہ بہتر بنے گا انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کے قیام پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سرطان جیسے مہلک مرض کے علاج اور تحقیق پر پہلا ادارہ کھول کر وہ پہلے ہی قومی ہیرو بننے کے علاوہ صحت کے داعی سیاستدان بن چکے ہیں پرویز خٹک نے امراض و علاج کے مختلف شعبوں میں صوبے کے طبی عملے کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کی حکومت اور ڈاکٹروں کے ساتھ پوری فراخدلی کا مظاہرہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ آج حالات ہم سے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی سوچ بدلنے کا تقاضا بھی کرتے ہیں عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے ہم نے اوپر سے کرپشن کا خاتمہ کیا اور قوانین بھی بدلنے شروع کئے ہیں تو ڈاکٹروں سمیت تمام طبی عملے سے بھی یہ توقع رکھنے میں حق بجانب ہیں کہ وہ بااثر لوگوں کی بجائے غریب کے درد کا درمان بنیں گے مگر ہمارے ہسپتالوں اور وہاں متعین عملے کی روش کو بدلنے میں شاید مزید وقت لگے کیونکہ فرائض کی بطریق احسن ادائیگی تو دور کی بات فی الحال تو کوئی اپنے فرائض ماننے اور پہچاننے تک تیار نہیں وقت آگیا ہے کہ بہتری کیلئے ایک طرف حکومت سزا و جزا کی پالیسی پر سختی سے عمل کرے تو دوسری طرف آپ جیسے تحقیقی و تربیتی ادارے طب سے وابستہ لوگوں کی اذہان سازی اور نفسیاتی تجزئیے کا عمل بھی آگے بڑھائیں طب کا پیشہ ہم سے جس مشنری جذبے کا تقاضا کرتا ہے اس کا عملی مظاہرہ صرف باہر کے ممالک میں دیکھنے کو ملتا ہے جہاں ہمارے لوگ بھی دن رات مصروف عمل رہتے ہیں مگر اپنے ملک میں عوام کے خادم و ملازم ہوتے ہوئے بھی بادشاہی چاہتے ہیں بالخصوص کسی غریب کی خدمت انہیں معیوب لگتی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف دور افتادہ اضلاع میں تعیناتی بھی نہیں چاہتے ہسپتالوں میں انستھیزیا اور ریڈیالوجی سمیت بعض شعبوں کو کم آمدنی والے سمجھ کر ناپسند کرتے ہیں اگرچہ ہم ان تمام شعبوں میں پرکشش مراعات کے ذریعے صورتحال بدلنے کی کوشش میں ہیں تاہم حب الوطنی اور جذبہ خدمت کا تقاضا تو یہ ہے کہ ہمارے ڈاکٹر ان جگہوں کو اہمیت دیں جہاں انکی ضرورت ہے نہ کہ وہ زیادہ پیسوں کا لالچ کرکے فرائض منصبی سے پہلوتہی کریں اور غریب کی صحت داؤ پر لگائیں تاہم انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ٹیلنٹ والوں کا خطہ ہے اور ہمارے ڈاکٹر بھی اسی غیور قوم کا حصہ ہیں اور ان سے ہمیں اچھے کی توقع ہے اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظر ہمار ی صوبائی حکومت پر ہے اور ہم عوامی مینڈیٹ کی تکمیل ہر قیمت پر کریں گے وزیراعلیٰ نے کالج کے دورے کی دعوت قبول کرنے کے علاوہ ایمرجنسی میڈیسن اور ٹریٹمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں وفد کی تجاویز کو پسند کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کا یقین بھی دلایا اس موقع پر تحائف کا تبادلہ بھی ہوا ۔

متعلقہ عنوان :