کراچی ،شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خواتین سمیت 4افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

ہفتہ 8 فروری 2014 20:21

کراچی ،شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خواتین سمیت 4افراد کو موت ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 فروری ۔2014ء) شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خواتین سمیت 4افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن سیکٹر نمبر 4اگرور کالونی طاہری مسجد کے قریب موٹر سائیکل پر سوار جماعت احمدیہ سے تعلق رکھنے والے 30سالہ رضی احمد ولد محمد حسین کو مسلح افراد نے گردن پر گولی مارکر قتل کردیا ۔

بعد ازاں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مقتول اپنے گھر اگرور کالونی سے سائٹ ایریا میں موزوں کی فیکٹری میں کام پر جارہا تھا ۔مقتول دو بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور ایک بچی کا باپ تھا ۔مقتول کا آبائی تعلق آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی تتہ پانی سے تھا ۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میٹروول ،فرنٹیئر کالونی اور اگرور کالونی کے اطراف میں 8سے زائد جماعت احمدیہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جاچکا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس افسران مذہبی ٹارگٹ کلنگ کو ذاتی دشمنی کا ڈکیتی کا رنگ دے کر فائل بند کردیتے ہیں ۔اس ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں جماعت احمدیہ سے تعلق رکھنے والے 50سے زائد گھرانے علاقے سے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرچکے ہیں اور جو موجود ہیں وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔مقتول کا بھائی بھی جان کے خوف کے باعث علاقے سے نقل مکانی کرچکا تھا ۔سپرہائی وے سائٹ بی صنعتی ایریا تھانے کی حدود فقیرا گوٹھ احسن آباد میں گھر سے 22سالہ سکینہ بی بی زوجہ نعمت اللہ کی لاش ملی ۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی موت زہر خوانی کی وجہ سے ہوئی ہے ۔مذکورہ خاتون کی تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی ۔پولیس کو خدشہ ہے کہ اس کو گھریلو ناچاقی کی بناء پر قتل کیا گیا ہے تاہم تفتیش کے بعد ہی اصل صورت حال سامنے آسکے گی ۔کلاکوٹ تھانے کی حدود دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 35سالہ مقبول ولد میر بلوچ ہلاک ہوگیا ۔جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر لیاری کے مختلف علاقوں چاکیواڑہ ،گل محمد لین میں 25سالہ حسین ولد عبدالرزاق ،کمیلا اسٹاپ جونا مسجد کے قریب 30سالہ اسد اور حسن ولد امام بخش زخمی ہوگئے ۔

سعید آباد تھانے کی حدود گلشن مزدور نیول کالونی خالی پلاٹ سے 35سالہ خاتون کی تشدد زدہ گولیاں لگی 15دن پرانی لاش ملی تاہم خاتون کی لاش مسخ ہونے کی وجہ سے شناخت نہ ہوسکی ،خاتون نے خاکی رنگ کی پھول دار شلوار قمیص پہن رکھی ہے ۔خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :