پی آئی اے نے دس طیارے ڈرائی لیز پرلینے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا

ہفتہ 8 فروری 2014 16:42

پی آئی اے نے دس طیارے ڈرائی لیز پرلینے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) پی آئی اے نے مزید دس طیارے ڈرائی لیز پرلینے کیلئے ٹینڈر جاری کر دیاہے ،قومی ایئر لائن کو چار سال سے بڑی عمر کے طیارے گوارہ نہیں جبکہ ماہرین کہتے ہیں کہ کم چلے ہوئے طیارے مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ پی آئی اے کو فوری طور پر کم گنجائش والے طیاروں کی ضرورت ہے جس کیلئے پی آئی اے نے 2010 کے بنے 175 نشستوں والے دس طیارے 8 سال کیلئے ڈرائی لیز پر لینے کا اشتہار دیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی شخصیات کے دباؤ پر 2010 ماڈل کے طیارے لیز پر لینے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ مارکیٹ میں اتنے نئے طیارے دستیاب نہیں ۔ پی آئی اے انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے تصدیق کی کہ اوپر کے دباؤ پر اشتہار دینا پڑا۔

(جاری ہے)

طیاروں کی فراہمی کیلئے اس سال 30 جولائی تک کا وقت دیا گیا ہے۔ماہرین اسے بھی ناممکن قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایسے طیارے کہیں مل بھی گئے تو مہنگے ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کی قوت خریدسے باہر ہوں گے۔

ایوی ایشن ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیزیبلیٹی رپورٹ میں طیاروں میں 90 فیصد نشستیں پر ہونے اور فی کلومیٹر 9 روپے منافع ہونیکی بات کی گئی ہے جو غیر حقیقی ہے ، پی آئی اے نے حال ہی میں 2004 میں بنے تین ایئربس طیارے لیز پر لینے کا معاہدہ کیا ،یہ طیارے جولائی میں مل جائیں گے۔ماہرین کا کہنا ہے پی آئی اے کو خود فیصلے کرنے کی آزادی ملنی چاہئے۔ بزنس اور تکنیکی معاملات میں مداخلت نقصان کا سبب بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :