بینظیر قتل کیس میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری اظہر کا سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار بغیر بتائے واپس لینے پر تشویش کا اظہار

ہفتہ 8 فروری 2014 16:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) سابق وزیراعظم بینظیر قتل کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے اپنی سیکورٹی پر معمورپنجاب پولیس کے اہلکاروں کو بغیر بتائے واپس لینے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی صورتحال رہی تو وہ مقدمے کی پیروی کیلئے عدالت میں پیش ہونے سے گریز کرینگے۔ گزشتہ روز مقدمہ کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر انہیں جو سیکورٹی فراہم کی گئی تھی وہ واپس لے لی گئی ہے جبکہ اس بارے میں وجوہات بھی نہیں بتائی گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں میری رہائشگاہ پر چار پولیس اہلکار تعینات تھے جو دو دو کی شفٹ میں کام کرتے تھے ان میں سے تین اہلکاروں کو وہاں سے ہٹا دیا گیا جبکہ سیالکوٹ سے عدالت پہنچنے کیلئے جو سیکورٹی اہلکار دیئے گئے تھے وہ بھی بغیر وجہ بتائے واپس لے لئے گئے ہیں اور اب میری رہائشگاہ پر صرف ایک پولیس اہلکار موجود ہے جس کے باعث سیکورٹی خدشات بڑھ چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

چوہدری اظہر نے کہا کہ راولپنڈی سے اڈیالہ جیل تک جو سیکورٹی فراہم کی گئی وہ گاڑی بھی دھکا سٹارٹ ہے جسے واپسی پر بھی دھکا لگا کر سٹارٹ کیا گیا،سیکورٹی اہلکاروں کو واپس لیئے جانے سے متعلق انہیں پیشگی آگاہ نہیں کیا گیا اور یہی صورتحال رہی تو وہ مقدمے کی پیروی کیلئے عدالت میں پیش ہونے سے گریز کرینگے۔

متعلقہ عنوان :