میٹرو بس منصوبے کی توسیع اور مختلف شہروں میں اس کے آغاز سے مواصلات کی ترقی عروج پر پہنچے گی‘ پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ

ہفتہ 8 فروری 2014 15:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت جب کی اقتدار میں آئی اس نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کے انقلابی منصوبے شروع کئے جن میں لیپ ٹاپ سکیم، میٹرو بس منصوبہ پنجاب حکومت کے بڑے پراجیکٹ ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا مزید ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان تعلیمی میدان میں بہت بڑی کامیابی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کی توسیع اور مختلف شہروں میں اس کے آغاز سے مواصلات کی ترقی عروج پر پہنچے گی۔ میاں شہباز شریف صوبے کو ہر شعبے میں مثال بنانا چاہتے ہیں۔ یوتھ فیسٹیول کروا کر پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے دل جیت لئے ہیں۔ اس میگا ایونٹ کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں نائیجیریا کے ہائی کمشنر ڈاؤڈ اڈین لاڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جس عزم‘ جذبے اور محنت سے عوام کی دن رات خدمت کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ پنجاب حکومت نے میٹرو بس پراجیکٹ جیسے عظیم منصوبے کو انتہائی قلیل مدت میں مکمل کرکے ایک معجزہ کر دکھایا ہے۔

متعلقہ عنوان :