کراچی ،لیاری سے تشدد زدہ لاش برآمد ،شیراز کامریڈ کا کمانڈر اختر اکوبھی مارا گیا

ہفتہ 8 فروری 2014 15:43

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء ) کراچی کے علاقے میں آنکھوں کے اسپتال کے قریب سے تشدد زدہ لاش ملی ، لیاری میں بابا لاڈلہ نے شیراز کامریڈ کے کمانڈر اختر اکو کو مار ڈالا ٹمبر مارکیٹ سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ، شکیل پٹھان نے ماڑی پور کے ٹرانسپورٹروں کا جینا دوبھر کردیا ۔ کروڑوں روپے بھتہ طلب ، گھروں پر فائرنگ ، دستی بم حملوں کی دھمکیاں ۔

واقعات کے مطابق لیاری سے بابالاڈلہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بغدادی میں سیفی لین رام گڑھ میں گھس کر عذیر گروپ کے اہم کمانڈر شیراز کامریڈ کے دست راست اختر عرف اکو کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اسی دوران 3 دیگر گینگ وار کے کارندے بھی زخمی ہوئے جنہیں لیاری جنرل اسپتال پہنچایا گیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم اختر اکو غفار ذکری کا خاص کارندہ تھا جس کا ملزم راشد ریکھا نے جیل سے راضی نامہ کرایا تھا ۔

(جاری ہے)

ملزم کی ضمانت بھی عذیر بلوچ نے کرائی تھی راشد ریکھا کے قتل کے بعد ان کا تمام علاقہ اختر اکو کو دیدیا تھا ملزم اس سے قبل بھی رینجرز کے مقابلے میں زخمی ہوا تھا ملزم کو ایس آئی یو کے ایس ایس پی راجہ عمر خطاب نے بیوی سمیت گھگھر پھاٹک کے قریب سے گرفتار کیا تھا جس میں ملزم کی اہلیہ زخمی ہوگئی تھی جو دوران علاج ہلاک ہوگئی تھی ۔ ملزم جیل سے آنے کے بعد سے بابا لاڈلہ گروپ سے لڑ رہا تھا ملزم کے ساتھی بغیر پولیس کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ نیپئر ٹمبر مارکیٹ سے ایک 30 سالہ بلوچ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی تاہم مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی ۔

اختر اکو کے قتل کے بعد عذیر گروپ کے کمانڈر ملاز نثار شکیل پٹھان ، سرور بلوچ مساجدوں سے اعلانات کراکے بابا لاڈلہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ گینگ وار ملزم شکیل پٹھان نے ماڑی پور کے ایک معروف ٹرانسپورٹر حبیب نیازی کو ایک کروڑ روپے بھتے کی پرچی دی ہے اور ملزم نے حبیب کے گھر پر فائرنگ بھی کرائی ہے اور رقم نہ دینے پر گھر کو دستی بم سے اڑانے کی دھمکی بھی دی ہے ۔ اس سے قبل بھی شکیل پٹھان نے شیراز ذکری اور راجہ پٹھان کے نام سے میلسی گڈز کے مالک سے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا ہے ملزم شکیل پٹھان رینجرز اہلکاروں کے قتل ان پر حملوں سمیت سنگین مقدمات میں لیاری ، ماڑی پور ، شیر شاہ پولیس کو مطلوب ہیں ۔

متعلقہ عنوان :