محکمہ ریونیو پنجاب میں نااہل اور غیر ذمہ دارافراد کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات جاری

ہفتہ 8 فروری 2014 13:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) صوبائی محکمہ ریونیو میں نااہل اور غیر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں چیف انسپکٹر سٹیمپ قیصر حیات کو فوری طور پر ڈیوٹی کا ٹارگٹ مکمل نہ کرنے اور اپنی سیٹ کا ناجائز فائدہ اٹھانے پر ایکشن لیتے ہوئے معطل کردیا گیاہے، محکمہ ریونیو سے ایسے تمام افراد کو مرحلہ وار باہر نکالنے کے لیے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں جو محکمہ کے نام پر سیاہ دھبہ ہیں،اسی لئے افسران اور اہلکاران کی ترقی کا عمل اُن کی کا رکردگی سے مشروط کردیا گیاہے۔

اس امر کا اظہار سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور اہلکاران اپنا اپنا قبلہ درست کرلیں اب محکمہ میں کسی نکمے، نااہل اور کام چور افراد کی جگہ نہ ہوگی۔

(جاری ہے)

ایسے افراد کو یکطرفہ کارروائی کی بنا پر نوکری سے سکبدوش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و فیلڈ اہلکاران کسی بھی قسم کی سیاسی سفارش کو قبول نہ کریں تاکہ کسی سے بھی نا انصافی سرزد نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ تمام ریونیو افسران اراضی التوا کے مقدمات کو فوری حل کریں تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پٹوار خانوں و تحصیلدار بارے کسی بھی قسم کی عوامی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مانیٹرنگ کے لیے ویجیلینس سیل قائم کردیا گیا ہے جہاں پر ماہانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کر لی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :