آئی سی سی پر اب بھارت کا راج ہوگا، جنوبی افریقہ قلا بازی کھا گیا، بگ تھری کی تجاویز میں ووٹ دے دیا

ہفتہ 8 فروری 2014 12:25

آئی سی سی پر اب بھارت کا راج ہوگا، جنوبی افریقہ قلا بازی کھا گیا، بگ ..

سنگاپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8فروری 2014ء) بگ تھری کا کرکٹ پر راج ہوگا ، جنوبی افریقا قلابازی کھا گیا ، پاکستان اور سری لنکا اکیلے رہ گئے ۔آئی سی سی کی نئی ایگزیکٹوکمیٹی رواں سال جولائی سے کام کریگی ۔بھارت کے سری نواسن چیئر مین ہونگے ۔ آئی سی سی پر اب بھارت کا راج ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کو دھوکا دے کرجنوبی افریقا نے بگ تھری کو ووٹ دے دیا۔

آئی سی سی نے تشکیل نو کا منصوبہ اکثریت سے منظور کرلیا۔جنوبی افریقا نے آخری وقت میں بگ تھری کی تجاویز کے حق میں ووٹ دیا۔پاکستان سری لنکا اور جنوبی افریقا نے بگ تھری کے مدمقابل گروپ تشکیل دیاتھا۔ اجلاس میں آئی سی سی کے دس ممالک بورڈز کے سربراہان اکٹھے ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے اختتام پر متنازعہ مسودے یعنی "بگ تھری " معاملے پر ووٹنگ کی گئی۔

تین بڑوں کا ساتھ دینے کے لیے پہلے ہی سات بورڈز اپنے ہتھیار ڈال چکے تھے۔ آخری لمحات میں جنوبی افریقہ نے بگ تھری کے حق میں ووٹ دیکر پوزیشن پیپر کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی سی سی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور سری لنکا نے منصوبے پر دستخط نہیں کیے۔ تاہم نئی ایگزیکٹو کمیٹی رواں سال جولائی سے اپنا کام شروع کرے گی۔ اجلاس میں بگ تھری سے متعلقہ تجاویز پر فیصلے کیے گئے۔

آئی سی سی کے آئندہ سربراہ بی سی سی آئی کے چیف سری نواسن ہونگے۔ فنانس اور کمرشل کمیٹیوں کی سربراہی انگلینڈ کو مل گئی جبکہ نئی ایگزیکٹو کمیٹی کی سربراہی آسٹریلیا کے حصے میں آ گئی۔ بگ تھری منصوبے کی منظوری کے بعد کرکٹ آمدن پر بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کا زیادہ حصہ ہو گا۔ اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جگہ چیمپئنز ٹرافی دوبارہ سے شروع کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔