کشمیریوں سے یکجہتی ایک دن کیلئے نہیں ،نسل در نسل کا قائل ہوں، تمام پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں،مولانا فضل الرحمن

جمعہ 7 فروری 2014 17:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی و امیر جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کشمیریوں سے یکجہتی ایک دن کیلئے نہیں بلکہ نسل در نسل کا قائل ہوں۔پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے اس کے باوجود تمام پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھزکتے ہیں ۔ بھارت کے ساتھ اس وقت اچھے تعلقات استوار نہیں ہو سکتے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہ ہو۔

افغانستان میں امن کا راستہ کشمیر سے ہو کر جاتا ہے ۔ حریت کانفرنس نے تحریک آزادکشمیر میں بڑا جاندار کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین اور آزادکشمیر کے آئینی و سیاسی و مسائل کے حل کا کردارادا کروں گاوہ جمعہ کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے کشمیر کمیٹی کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ظہرانے مسلم لیگ (ن) کے صدر راجہ فاروق حیدر، مسلم کانفرنس کے راہنما ملک محمدنواز، حریت کانفرنس کے یوسف نسیم ، غلام محمد صفی ، جماعت اسلامی کے امیر عبدالرشید ترابی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کمیٹی کو مزید فعال بنایا جائے گا ہماری کوشش ہو گی کہ کشمیر پالیسی ہماری اولین ترجیح بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف آج ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی آواز کو اجاگر کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مقدمے کا سب سے بڑا وکیل ہے ۔کشمیر پاکستان کیلئے تاگزیر ہے اور پاکستان کشمیر کیلئے ناگزیر ہے ۔پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کا شکرگذار ہوں جنہوں نے مجھے دعوت دیکر یہ عزاز بخشا۔میں یقین دلاتا ہوں کہ کشمیر کمیٹی کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :