پیرا میڈیکس سٹاف کامطالبات کے حق میں ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں احتجاج ،ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں جزوی تعطل

جمعہ 7 فروری 2014 16:04

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) پیرا میڈیکس سٹاف نے کام چھوڑ کر اپنے مطالبات کے حق میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے دفتر میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں جزوی تعطل پیدا ہو گیا ، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق سے کامیاب مذاکرات کے بعدپیرا میڈیکس نے احتجاج ختم کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق پیرامیڈیکس نے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد نہ ہونے اور کٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے مطالبات کے حق میں ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں جمع ہو کر شدید احتجاج کیا ۔ احتجاج میں شامل مرد و خواتین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ احتجاج کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں جزوی تعطل بھی پیدا ہو گیا ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق ، سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے پیرا میڈیکس کے نمائندوں سے ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں مذاکرات کئے ۔

پیرا میڈیکس کے نمائندوں نے حکومتی ذمہ داران کو آگاہ کیا کہ وعدے کے باوجود سروس سٹرکچر پرعملدرآمد کیا گیا ہے اور نہ ہی کنریکٹ ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے ۔ مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے یقین دہانی کرائی کہ پیرا میڈیکس سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سکیل ایک تا چار تک کے ملازمین کی مستقلی زیر غور ہے جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ دس فروری سے حکومتی کمیٹی پیرامیڈیکس سے معاملات طے کرے گی جسے جلد حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے وزیر اعلیٰ کو بھجوایا جائے گا ۔مشیر صحت کی یقین دہانی کے بعد پیرا میڈیکس نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو مزید آپشنز بھی غور کیا جا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :