حکومت مذاکراتی عمل میں مخلص اور سنجیدہ ہے، اب گیند طالبان کی کورٹ میں ہے، چودھری محمد برجیس طاہر

جمعہ 7 فروری 2014 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دونوں مذاکراتی ٹیموں کو چاہیے کہ وہ عوام کو مایوس نہ کریں اور انکی اُمنگوں پر پورا اتریں۔ عوام اب جنگ سے تنگ آچکے ہیں ۔ہم کسی کی جنگ کواپنی دہلیز پر کھینچ لائے ہیں ۔اب اسکا اختتام ہوناچاہیے ۔حکومت مذاکراتی عمل میں مخلص اور سنجیدہ ہے۔

اب گیند طالبان کی کورٹ میں ہے ۔ہم اُمید کرتے ہیں کہ وہ بھی ہماری مذاکراتی پیشکش کا مثبت جواب دیں گے۔پاکستانی عوام بھی یہی توقع کر رہے ہیں۔ہم اُمید کرتے ہیں کہ طالبان نہ صرف مذاکراتی عمل میں مثبت پیش رفت کرتے ہوئے ملک میں امن وامان قائم کرنے میں ہماری مدد کریں گے بلکہ قومی دھارے میں شامل ہو کر ملکی ترقی میں پیش پیش ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کسی اور کی لگائی ہو ئی آگ ہے جسے ہم بجھانا چاہتے ہیں۔

دانش مندی کا تقاضا یہ ہے کہ دونوں اطراف دُشمن کی چالوں کو سمجھتے ہوئے مذاکراتی عمل کو کامیاب بنائیں کیونکہ کچھ لوگ اسی آڑ میں بیٹھے ہوئے ہیں کہ مذاکرات ناکام ہو ں اور مملکت خداداد کمزور ہو۔یہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے پاکستان کی کمزوری عالم اسلام کی کمزوری کے مترادف ہے۔کچھ اقوام پاکستان کے وجود کو روز اول سے تسلیم نہیں کرتیں۔ وہ اسی تاک میں بیٹھے ہیں کہ پاکستان کی پیٹھ پر وار کرکے اس کے وجود کو ختم کردیں۔

متعلقہ عنوان :