لاہور ‘لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی مسمار کیخلاف حکم امتناعی میں 12فروری تک توسیع

جمعہ 7 فروری 2014 15:08

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7فروری 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال مسمار کرنے کیخلاف دائر درخواست پر حکم امتناعی میں 12فروری تک توسیع کرتے ہوئے پنجاب حکومت ،سیکرٹری صحت ،ایم ایس اور ایل ڈی اے سے جواب طلب کرلیا ۔ جمعہ کے روز جسٹس عبدالستار اصغر نے کیس کی سماعت کی ۔ہسپتال کی مسماری کے خلاف تحریک انصاف پنجاب کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد اورینگ ڈاکٹرز نے درخواست دائر کر رکھی ہے ۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اپنایا کہ لاہور شہر کی آبادی ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے ایسے میں یہاں مزید سرکاری ہسپتالوں کی ضرورت ہے لیکن حکومت میٹرو بس منصوبے کیلئے زچہ و بچہ کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال کو مسمار کرنا چاہتی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے پیش ہو کر موقف اپنایا کہ ہسپتال کو مسمار نہیں کیا جارہا ، مذکورہ ہسپتال ایک سو بیس کنال اراضی پر واقع ہے لیکن منصوبے کیلئے صرف دو کنال گیارہ مرلے اراضی لی گئی ہے جس میں دو کنال خالی پڑی ہوئی تھی جبکہ باقی پر باتھ روم قائم تھے انہیں دوسری جگہ پر تعمیر کرکے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

معزز جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد حکم امتناعی میں 12فروری تک توسیع کرتے ہوئے پنجاب حکومت،سیکرٹری صحت ، ایم ایس اور ایل ڈی اے سے جواب طلب کر یا ۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز جسٹس شجاعت علی خان نے ذاتی وجوہ کی بناپر کیس کی سماعت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ۔

متعلقہ عنوان :