صدر نے اقوام متحدہ کے تعلیمی ‘ سائنسی اور ثقافتی ادارہ ” یونیسکو“ کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا کو ”ہلال پاکستان“ کے اعزاز سے نوازا،یونیسکو کے تحت بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے ملالہ فنڈ کے قیام سے ”تعلیم سب کیلئے “ کے مقصد کے حصول میں مدد ملے گی ،ممنون حسین

جمعرات 6 فروری 2014 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) صدر ممنون حسین نے اقوام متحدہ کے تعلیمی ‘ سائنسی اور ثقافتی ادارہ ” یونیسکو“ کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا کو ”ہلال پاکستان“ کے اعزاز سے نوازا ۔جمعرات کو ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر نے ارینا بوکووا کو مختلف یونیسکو فورمز پر پاکستان کی حمایت اور پاکستان کے ثقافتی ورثے اور وادی سندھ تہذیب کو اجاگر کرنے کی سرگرمیوں اور قدرتی آفات کے دوران ملک کی معاونت اور پاکستان کے عوام کے لئے شاندار خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا ہے۔

تقریب تقسیم اعزاز میں دیگر کے علاوہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد‘ وزیر مملکت تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پڑھے گئے توصیفی بیان میں کہا گیا کہ یونیسکو کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا نے مختلف یونیسکو فورمز میں پاکستان کی حمایت ‘ پاکستان میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے علاوہ مختلف قدرتی آفات کے دوران پاکستان کے عوام کی مدد کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وہ 2012ء میں لڑکیوں کے لئے تعلیم کے حق کے بارے میں ملالہ فنڈ کے قیام میں معاون رہیں اور انہوں نے پاکستان کے سونامی ارلی وارننگ نظام قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وادی سندھ تہذیب کے ورثے کو محفوظ بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے18ویں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے دوران موہنجو داڑو نمائش کا بھی آغاز کیا لہذا پاکستان کے عوام کے لئے ان کی غیر معمولی اور شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت نے انہیں ”ہلال پاکستان“ کا اعزاز دیا ہے۔

بعد ازاں ارینا بوکووا نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیسکو کی مدد سے پاکستان میں شروع کی جانے والی سرگرمیوں اور منصوبہ جات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ صدر مملکت نے پاکستان میں تعلیم بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے حکومتی کوششوں میں بھرپور معاونت کرنے پر یونیسکو کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان تعلیم کے فروغ اور اپنے عالمی ثقافتی مقامات کے تحفظ اور فروغ کے لئے کام جاری رکھے گا۔

صدر نے یونیسکو کے تحت بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے ملالہ فنڈ کے قیام اور حکومت پاکستان کے ساتھ بچیوں کی تعلیم کے حق کے بارے میں اعلیٰ سطح کی کانفرنس کے انعقاد میں ذاتی دلچسپی لینے پر ارینا بوکووا کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے کہا کہ اس سے 2015ء تک ”تعلیم سب کے لئے “ کے مقصد کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یونیسکو کے تمام فورموں پر پاکستان کے لئے گرانقدر حمایت فراہم کرنے ‘ سیلاب متاثرین کی امداد ‘ سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے کے نظام کے قیام میں معاونت‘ پاکستان میں سائنسدانوں اور ماہرین کی تربیت اور پاکستان کے ثقافتی مقامات کے فروغ کے لئے یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیسکو تعلیم‘ سائنس اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر نے ارینا بوکووا کو نومبر 2013ء میں 4 سالہ مدت کے لئے یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد بھی دی۔ ارینا بوکووا نے تعلیم‘ سائنس اور ثقافت کے شعبہ میں یونیسکو کی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے ” ہلال پاکستان“ کا ایوارڈ عطا کرنے پر صدر مملکت اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔