ایک لابی ایٹمی ری ایکٹرز کے حوالے سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہے ، راجہ ظفر الحق ،حکومت ایٹمی ری ایکٹرز کے محفوظ ہونے کو یقینی بنائیگی ، سینٹ میں اظہا رخیال

جمعرات 6 فروری 2014 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ ایک لابی ایٹمی ری ایکٹرز کے حوالے سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہے، حکومت ایٹمی ری ایکٹرز کے محفوظ ہونے کو یقینی بنائیگی۔ جمعرات کو اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی کی جانب سے توجہ مبذول نوٹس پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ٹیکنالوجی چین سے حاصل کی گئی ہے اور بہت محفوظ ہے، چین میں 29 پلانٹس اسی ٹیکنالوجی کے تحت کام کر رہے ہیں، 15 اور پلانٹس بھی وہاں لگائے جا رہے ہیں، پاکستان میں بھی اس طرح کے نیوکلیئر ری ایکٹر کام کر رہے ہیں، ان منصوبوں کا باریک بینی اور عرق ریزی سے مطالعہ کیا گیا ہے، خدانخواستہ ان ری ایکٹروں میں اگر کوئی حادثہ پیش بھی آ جائے تو سات آٹھ کلومیٹر سے زائد علاقہ میں نقصان نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو بھی ایٹمی ری ایکٹر حاصل کرنے کی قیمت چکانا پڑی، پاکستان نے کوشش کی ہے کہ جو فائدہ امریکہ بھارت کو دے رہا ہے، وہی فائدہ حاصل کیا جائے، ایک لابی ایٹمی ری ایکٹرز کے حوالے سے پراپیگنڈا کر رہی ہے، وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان ایٹمی توانائی کے ذریعے توانائی کے بحران پر قابو پائے اور یہ کنٹریکٹ چین کو نہ ملے، ایٹمی ری ایکٹرز کے حادثے دنیا میں کہیں بھی ہو سکتے ہیں، حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ ان ری ایکٹرز سے کسی کو خطرہ نہ ہو۔

سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ ایسے منصوبوں پر پاکستان کو گامزن ہونے سے روکنے کے لئے لابی ملک کے اندر بالخصوص ملک سے باہر موجود ہے، کراچی میں ایٹمی ری ایکٹرز کا منصوبہ ہمارے دور میں بنا، پاکستان نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکہ بھارت کی طرح ہمیں بھی یہ ری ایکٹرز دے تاہم امریکہ کے انکار کے بعد چین سے رجوع کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :