طالبان سے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں بھی حکومت کوا پنے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں ، سینیٹر طلحہ محمود ،پاکستان میں غیر ملکی ایجنسیاں، را، موساد اور سی آئی اے کام کر رہی ہیں جن کا بنیادی ہدف ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے ،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 6 فروری 2014 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں بھی حکومت کوا پنے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کا عمل شروع کرنا احسن اقدام ہے تاہم جس انداز میں مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اس سے نہیں لگتا کہ مذاکرات کامیابی کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کی ابتداء سے حکومت اور طالبان کے درمیان جمود ٹوٹا ہے جس سے آگے چل کے کامیابی کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت غیر ملکی ایجنسیاں، را، موساد اور سی آئی اے کام کر رہی ہیں جن کا بنیادی ہدف ملک کو غیر مستحکم کرنا اور بدامنی پھیلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات کے ساتھ ساتھ ان قوتوں پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات کرے۔