حکومت ذرائع ابلاغ کی آزادی کو یقینی بنانے اور صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،صدرممنون حسین کی پریس کونسل آف پاکستان کے وفد سے گفتگو

جمعرات 6 فروری 2014 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت ذرائع ابلاغ کی آزادی کو یقینی بنانے اور صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔وہ جمعرات کو پریس کونسل آف پاکستان کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے اپنے چیئرمین راجہ شفقت خان عباسی کی قیادت میں جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان نے صدر کو کونسل کے کردار ‘ مینڈیٹ‘ مختلف سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران صدر نے مختلف محاذوں پر چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں اور اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں ملک میں امن‘ استحکام اور ترقی ہوگی اور اس کے نتیجے میں پاکستان کے عوام سماجی و اقتصادی خوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے۔

(جاری ہے)

صدر نے اخبارات اور خبررساں اداروں کے اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ اور اخلاقی معیارات کو یقینی بنانے اور ملک میں میڈیا کی آزادی کو سربلند رکھتے ہوئے پریس کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے پریس کونسل آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں صدر نے پریس کونسل آف پاکستان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ کونسل کے چیئرمین نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پریس کونسل آف پاکستان مینڈیٹ کے مطابق اپنے کردار کی ادائیگی کے حوالے سے ہر ممکنہ کوششیں بروئے کار لائے گی۔

ملاقات کے دوران دیگر کے علاوہ ڈائریکٹر ایچ ای سی اسلام آباد عائشہ اکرام‘ نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں اسلام آباد کی مسز نسرین اسلم اظہر‘ روزنامہ پاکستان لاہور کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی‘ چیف ایگزیکٹو زمانہ گروپ آف نیوز پیپرز کوئٹہ سید فصیح اقبال‘ چیئرمین / سی ای او روزنامہ ”عبرت “حیدرآباد قاضی اسد عابد‘ روزنامہ عوامی آواز کراچی کے غلام نبی مغل‘ روزنامہ مہران کراچی کے بچن لغاری‘ سربراہ ریفرنس اینڈ ریسرچ روزنامہ دی نیوز اسلام آباد ناصر زیدی‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عبدالرحمان خان کانجو‘ چیئرمین شعبہ صحافت و ابلاغ عامہ یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر شاہجہان سید‘ روزنامہ پاکستان لاہور کے عمر مجیب شامی‘ سیکرٹری جنرل اے پی این ایس روزنامہ ڈان کراچی مسعود حامد‘ انکوائری کمیشن سندھ کے سربراہ جسٹس علی اسلم جعفری‘ انکوائری کمیشن کے پی کے کے سربراہ جسٹس فضل حق عباسی‘ چیف ایڈیٹر روزنامہ وحدت پشاور پیر سید سفید شاہ ہمدرد‘ رجسٹرار پریس کونسل پاکستان ظہور احمد اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :