آئی سی سی کے اجلاس میں مجاہد بن کر شرکت کرینگے،مجاہد اکیلا بھی کافی ہوتا ہے ،بگ تھری پر اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ ذکاء اشرف،بگ تھری کے معاملے میں ایک موقف رکھنے والے تینوں کرکٹ بورڈز ملاقات کرینگے ،مشترکہ موقف اپنانے کی کوشش کریں گے،بھارت کی کسی بھی پیشکش پر کسی جال میں نہیں پھنسیں گے ،سوچ سمجھ کر اور پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کریں گے ، قومی ٹیم کے کوچ کیلئے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ دو روز کیلئے بڑھا دی ہے ،کمیٹی 9فروری کو فیصلہ کرے گی، پاکستان سپر لیگ دوبارہ شروع کی جائیگی، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پاکستان کے ہر شہر میں شروع کرینگے ‘ چیئرمین پی سی بی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 6 فروری 2014 22:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے سنگا پور میں ہونیوالے اجلاس میں مجاہد بن کر شرکت کریں گے اور مجاہد اکیلا بھی کافی ہوتا ہے ،بگ تھری کے معاملے پر اصولی موقف اپنایا ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،آئی سی سی کے اجلاس سے قبل بگ تھری کے معاملے میں ایک موقف رکھنے والے تینوں کرکٹ بورڈز ملاقات کرینگے جس میں بگ تھری پرتحفظات اور ترامیم پربحث کر کے مشترکہ موقف اپنانے کی کوشش کریں گے ،بھارت کی کسی بھی پیشکش پر کسی جال میں نہیں پھنسیں گے بلکہ سوچ سمجھ کر اور پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کریں گے ، قومی ٹیم کے کوچ کیلئے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ دو روز کے لئے بڑھا دی ہے اور 9فروری کو کوچ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جو اپنا فیصلہ کرے گی، پاکستان سپر لیگ دوبارہ شروع کی جائے گی، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پاکستان کے ہر شہر میں شروع کریں گے اور کلب کرکٹ کو دوبارہ بحال کیا جائے گا جس کے لئے سینئر کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز قذافی اسٹیڈیم میں اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عامر سہیل ،جاوید میانداد، سبحان احمد،انتخاب عالم سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا کہ خواہش تھی کہ آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے سنگا پور روانگی سے قبل بورڈ کے پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ہو جائے لیکن انکی مصروفیات کے باعث ایسا نہیں ہو سکا ۔

وزیر اعظم سے ملاقات کر کے بگ تھری کے معاملے پر اپنائے جانے والے موقف پر رہنمائی لینا چاہتا تھا تاہم اب گورننگ بورڈ کے فیصلوں کے مطابق آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر اصولی موقف اپنایا ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔بگ تھری کے معاملے پر پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے بورڈز اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، اس معاملے پر تمام بورڈز سے بات کریں گے اور جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز سے سنگاپور میں مذاکرات ہوں گے اور مشترکہ موقف اپنانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمیض راجہ کی اپنی رائے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کوئی پیشکش کرتا ہے تو پاکستان کے مفاد میں فیصلہ کرینگے اورجال میں نہیں پھنسیں گے ۔ آئی سی سی کے اجلاس میں مجاہد بن کر شرکت کریں گے اور مجاہد ایک ہی کافی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوشش تھی کہ آئی سی سی کے اجلاس سے قبل پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ہو لیکن وہ شاید طالبان سے مذاکرات کے معاملے میں مصروف ہیں لیکن گورننگ بورڈ کے فیصلوں کے مطابق آگے بڑھیں گے اور ملک کے مفاد کو ترجیح دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقا ت کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیاہے اور اس حوالے سے انہوں نے سمری پیٹرن چیف کو بھجوا دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں کچھ فیصلے کئے گئے ہیں ۔ میری عدم موجودگی کے دوران جو تعطل آیا تھا او رجو منصوبے پس پشت ڈال دئیے گئے تھے انہیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کلب کرکٹ اور سکول کرکٹ بحال کی جائے گی اور سکولوں میں کھیل کی حوصلہ افزائی کے لئے وسیم اکرم ‘ جاوید میانداد‘ انضمام الحق ‘ شعیب اختر کی خدمات حاصل کر رہے ہیں ۔ ٹیم اور اسکی تربیت کرنے والوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ریفریشر کورسز کرائے جائیں گے ۔ ملک بھر میں موجود کرکٹ اکیڈمیوں کی تعمیر اور انکی بحالی کو ممکن بنایا جائے گا ۔

ریجن ‘ تحصیل ‘ ضلع اور ڈویژن سطح پر بھی کرکٹ کو بحال کیا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کو اضافی سہولتیں فراہم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو بحال کریں گے اور منصوبہ بندی کے ئے کمیٹی بنا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی جس میں عمران خان‘ وسیم اکرم‘ جاوید میانداد‘ انضمام الحق ‘ وقار یونس ‘ سعید انور اور رمیض راجہ شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کے کوچ کے لئے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کی گئی ہے اور اب کوچ کمیٹی کا اجلاس 9فروری کو ہوگا جس کے بعد کوچ کا اعلان کیا جائے گا۔