صوبائی حکومت کے رویئے سے تنگ آکر اپنے اجتماعی استعفے تیار کرلئے ہیں،مسلم لیگ ن،نواب ثناء اللہ زہری کی کوئٹہ آمد پر انہیں پیش کردیئے جائیں گے،ترجمان

جمعرات 6 فروری 2014 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اوراسکی اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں نے صوبائی حکومت کے رویئے سے تنگ آکر اپنے اجتماعی استعفے تیار کرلئے ہیں جوکہ مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر نواب ثناء اللہ زہری کی کوئٹہ آمد پر انہیں پیش کردیئے جائیں گے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ حکومتی رویہ روز بروز بدترہوتا جارہا ہے اور کسی بھی فیصلے میں مسلم لیگ(ن) اوراسکی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا حتیٰ کہ انکے محکموں میں بھی من مانی کی جارہی ہے اور بے جا مداخلت کی جارہی ہے یہاں تک کہ چپڑاسی کی ٹرانسفر کا بھی وزراء اور مشیروں کو اختیار نہیں سیکرٹری اور دوسرا عملہ بھی انکی بات نہیں مانتا کیونکہ انہیں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی آشیر باد حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ جس مقصد کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد و وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری نے حکومت قوم پرستوں کو دی تھی وہ اس میں بھی ناکام ہوگئے ہیں امن و امان ابدتر ہوتا جارہا ہے جبکہ روز اغواء برائے تاوان ،چوری ،قتل و غارت گری عام ہوتی جارہی ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ علیحدگی پسندتنظیموں سے بات کرنے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور نہ ہی کوئی ٹائم فریم دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان تنظیموں کو روز بروز تقویت مل رہی ہے آئے دن فوجی جوان اور نہتے معصوم عوام شہید ہورہے ہیں ان حالات کے پیش نظر مسلم لیگ(ن) اوراسکی اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں نے اجتماعی استعفےٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد مسلم لیگ (ن) اوراسکی اتحادی جماعتیں آزاد بینجوں پر بیٹھ کر حکومت کی ہر جائز اور بلوچستان کے عوام کے مفاد میں کئے گئے فیصلوں کی حمایت کرینگے لیکن حکومت میں بیٹھ کر بدنامی کا سہرا اپنے سر نہیں لیں گے