طالبان سے مذاکرات آئین کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے کئے جانے چاہیں، اصل ایجنڈہ پاکستان کا آئین ہونا چاہیے‘ میاں منظور وٹو ، دہشت گردی اور امن و امان کے معاملات پر بلاول کی گہری نظر ہے ،آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں،منظور احمد وٹو پنجاب میں تنظیم سازی کے حوالے سے پارٹی امور کو احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں‘ سید خورشید شاہ

جمعرات 6 فروری 2014 20:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کے بجٹ کا بیڑا غرق کر دیا ہے ، طالبان سے مذاکرات آئین کی بالا دستی کو قائم رکھتے ہوئے کئے جانے چاہیں، بلاول بھٹو زرداری عملی سیاست میں آ کر تمام سیاست دانوں سے بہتر اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ضلع اور سٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد پیپلز سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید شاہ، تنویر اشرف کائرہ راجہ عمران اشرف، مصطفی نواز کھوکھر، عابد حسین صدیقی، منظور احمد مانیکا، افنان بٹ، علامہ یوسف اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید خورشید شاہ نے میاں منظور احمد وٹو کے پنجاب میں تنظیم سازی کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں پارٹی امور کو احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے کو سامنے رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کر رہی ہے ۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا التوا بھی دھاندلی کے مترادف ہے ۔

پنجاب حکومت ضلعی حکومتوں کے پیسے پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو نوازنے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردی، لاقانونیت، مہنگائی اور فرقہ واریت اپنے عروج پر ہے میرے دور حکومت میں پنجاب میں اسلحہ لے کرچلنے اور وال چاکنگ پر ممانعت تھی تمام مکاتب فکر میں ہم آہنگی تھی مساجدوں میں اعلان کروایا جا تا تھا کہ حکم عدولی کرنے والوں کے متعلق حکومت سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک و قوم کے مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے موسم سرما میں بھی لوڈشیڈنگ اپنے عروج پر ہے ۔ پیپلز پارٹی کی دور میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات آئین کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے کئے جانے چاہیں، اصل ایجنڈہ پاکستان کا آئین ہونا چاہیے، طالبان ہتھیار ڈال کر مذاکرات کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عملی سیاست میں تمام سیاست دانوں سے بہتر اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ دہشت گردی اور امن و امان کے معاملات پر ان کی گہری نظر ہے ۔سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، آنے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی۔