عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرناہمارا مشن ہے‘ شہبازشریف،میٹروبس پراجیکٹ جیسے شاندار عوامی منصوبے دیگر شہروں میں بھی شروع کیے جارہے ہیں،راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد28فروری کو رکھا جائے گا،ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹروبس پراجیکٹ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے‘ وزیراعلیٰ کی مختلف اضلاع کے اراکان اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 6 فروری 2014 20:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنامسلم لیگ (ن) کا مشن ہے، گزشتہ دور میں شروع کیے گئے ترقی کے سفر کو نئے جذبے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں، میٹروبس پراجیکٹ جیسے شاندار عوامی منصوبے دیگر شہروں میں بھی شروع کیے جارہے ہیں، راولپنڈی،اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد28فروری کو رکھا جائے گا۔

ملتان اور فیصل آباد میں بھی میٹروبس پراجیکٹ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جمعرات کے روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی میں مہدی عباس خان، عارف محمود گل، عفت معراج اعوان، غزالی سلیم بٹ ،خرم عباس سیال اورمہر محمد فیاض بھی شامل تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔توانائی بحران کے خاتمے کے لیے تیزرفتاری سے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی کے حصول کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس لگانے کے لیے صوبے میں 6مقامات کاانتخاب کیا ہے۔

معیشت کی ترقی اورمضبوطی کے لیے توانائی کے مسئلے سے نمٹنا انتہائی ضروری ہے۔روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی بجلی کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے آئندہ تین سے پانچ برس کے دوران بجلی کی پیدوار شروع کردیں گے۔توانائی ہوگی تو معیشت پھلے پھولے گی ،زراعت اور صنعت ترقی کرے گی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے جن مقامات کا انتخاب کیا ہے وہ اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ یہاں بجلی کے استعمال کے بڑے مراکز قریب ہیں اوریہاں سے پیداہونے والی بجلی کو فوری طورپر نیشنل گرڈ میں منتقل کیا جاسکے گا۔یہ مقامات ریلوے ٹریک اورسڑک کے بھی قریب ہیں اور سب سے بڑھ کر ان مقامات کے قریب پانی بھی دستیاب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئلے کے ذریعے بجلی کی پیداوار کے اس منصوبے کا مقصد نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اوررہنمائی کر کے اس شعبے کو حکومت کی ان کوششوں میں شامل کرنا ہے جو وہ توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے وسائل سے 660میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگارہی ہے۔کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ توانائی بحران کے خاتمے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔یہ منصوبہ حقیقی ترقی اور قومی خوشحالی کا ایک شاندار منصوبہ ہے جس کے قومی معیشت کے ہر شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اراکین اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔