پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 2کروڑ 35لاکھ ڈالر کا اضافہ

جمعرات 6 فروری 2014 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 2کروڑ 35لاکھ ڈالر کا اضافہ واقع ہوا ہے ،اس اضافے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ایک بار پھر 8ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 2کروڑ 35لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

اس اضافے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 8ارب 1کروڑ 74لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں ۔مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق زیر تبصرہ مدت کے دوران اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر میں 56لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ۔اس اضافے کے بعد مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 3ارب 18کروڑ 22لاکھ ڈالر جبکہ اسی عرصے میں کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 79لاکھ ڈالر کا اضافہ واقع ہوا ہے ،اس اضافے کے بعد کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 4ارب 83کروڑ 52لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دبئی میں مذاکرات جاری ہیں ۔مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو منظور کیے گئے قرضے کی تیسری قسط آئندہ ماہ مل جائے گی ،جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید استحکام آئے گا ۔

متعلقہ عنوان :