فاٹا کے علاقے میں آٹے کی ضروریات پوری کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے ہر ممکن معاونت کی جائیگی‘ بلال یاسین ،پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردارادا کرتے ہوئے تمام صوبوں کے عوامی مفادات کا خیال رکھا ہے ‘ وزیر خوراک پنجاب

جمعرات 6 فروری 2014 19:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ فاٹا کے علاقے میں آٹے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے ہر ممکن معاونت کی جائے گی،پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردارادا کرتے ہوئے تمام صوبوں کے عوامی مفادات کا خیال رکھا ہے اور کسی مصلحت کو خاطر میں نہ لاکرملک کے کسی بھی علاقے میں بسنے والے عوام کی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے بروقت مناسب اقدامات اٹھائے ہیں اور اسے جذبے کے تحت فاٹا کے عوام کوبھی ان کی ضروریات کے مطا بق پنجاب کی طرف سے تر جیحی بنیادوں پرآٹا فراہم کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب سہیل عامر،سیکریٹری خور اک پنجاب اسلم کمبوہ ،فاٹا سکریٹریٹ کے ایڈ یشنل سیکریٹری ارباب عارف کے علاوہ فاٹا کے اراکین اسمبلی جی جی جمال، حاجی بسم اللہ خان، الحاج شاہ جی گل ، ساجد حسین طوری اور ناصر خان آفریدی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بلا ل یاسین نے فاٹا کے اراکین قومی اسمبلی کے عوامی خدمت کے جذ بے کو سراہتے ہوئے فاٹا کے عوام کو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے جس کے تحت انہیں آٹے کے حصول کے سلسلے میں درپیش مشکلات دور کرنے کے لئے صوبہ پنجاب اپنا کر دار ادا کرے گا۔

بلا ل یاسین نے کہاکہ فاٹا کی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کے ساتھ آٹے کی فراہمی کا طریقہ اور حکمت عملی پر بات چیت ہوئی ہے اور اس سلسلے میں جلد عملی اقدامات کا آغاز کر دیا جائے ۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہاکہ آٹا بنیادی انسانی ضرورت ہے اور پنجاب میں بھی وز یر اعلی کی ہدایات پر سہولت بازاروں اور دیگر مقامات پر آٹے کے خصوصی سیل پوائنٹ قائم کرکے شہریوں کو ایکس مل ریٹ پر آٹے کی فراہمی جاری ہے ۔

اس موقع پر فاٹا کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعلی پنجاب اور حکو مت پنجاب کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دور د راز کا دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے قبائلی عوام کو آٹے کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کے دوران انہیں عوامی تکالیف سے آگاہ کیا تھا جس پر انہوں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے فاٹا کے عوام کے لئے خصوصی سہولت کا عملی قدم اٹھا کر قبائلیوں کے دل جیت لئے ہیں اور اس پر وہ وزیر اعلی پنجا ب کے شکر گزا ر ہیں۔