سابق صدر آصف علی زرداری سے رحمان ملک کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیا ل، ایم کیو ایم کی قیادت سے مسلسل رابطہ رکھا جائے ،تمام امور کو پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیکر آگے بڑھایا جائے،سابق صدر کی ہدایت

جمعرات 6 فروری 2014 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے گزشتہ شب پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ملاقات کی ۔پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ رحمن ملک نے ملاقات میں اپنے دورہ لندن خصوصاً گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی موجودگی میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ہونے والی تفصیلی ملاقات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے الطاف حسین کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ۔اس ملاقات میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان موجودہ رابطوں کو بڑھانے اور دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔سابق صدر نے رحمن ملک کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی قیادت سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور تمام امور کو پارٹی قیادت کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھایا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ایک اہم متوقع ہے ،جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنما اہم امور پر گفتگو کے لیے ملاقات کریں گے ۔