وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی کا مسودہ اپنی ویب سائٹ پر مشتہر کر دیا ‘ متعلقہ افراد سے 10فروری تک تجاویز طلب

جمعرات 6 فروری 2014 16:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر گورنمنٹ حج سکیم کی 56ہزار684 نشستوں کے لئے درخواستوں کی وصولی اگلے ماہ شرو ع ہو گی ۔درخواست گزاروں کے مشین ریڈیبل پاسپورٹ کا 31مارچ 2015ء تک کارآمد ہونا ضروری ہے ۔درخواست کے ساتھ ا نہیں ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی قیمت کے علاوہ تقریبا 2لاکھ روپے بطور کرایہ رہائش او ر دیگر لازمی اخراجات جمع کروانا ہوں گے۔

مکہ مکرمہ میں رہائش کا زیادہ سے زیادہ کرایہ ایک لاکھ11ہزار 600روپے ( 36سو ریال ) جبکہ مدینہ منورہ میں 15ہزار 500روپے (500ریا ل) فی کس ہو گا تا ہم حاجیوں سے ان کی رہائشی عمارت کے لئے ادا کئے جانے والے کرائے کے مطابق ہی وصولی کی جائے گی اور اضافی رقم روانگی سے پہلے ہی پاکستانی روپوں کی صورت میں واپس کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

دو کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر قیام کرنے والوں کو حرم شریف آمدورفت کی خاطر شٹل بس سروس کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے ذریعے قربانی کرنے والوں کو 15ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے ۔تمام عازمین کو سعودی عرب میں روزمرہ اخراجات کے لئے 1500ریال کا بندوبست اپنے طور پر کرنا ہوگا۔ عازمین کی میڈیکل فٹنس کے بارے میں صرف وفاقی ‘ صوبائی اور دیگر سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹر وں کا جاری کردہ سرٹیفکیٹ ہی قابل قبول ہوگا۔ 45سال عمر تک کی خواتین صرف محرم کے ہمراہ ہی سفر حج پر روانہ ہو سکیں گی ۔

تمام عازمین کے لئے گردن توڑ بخار اور فلو سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانا لازمی ہو گا۔ انتقال کر جانے و الے عازمین کو سعودی تعلیمات کے مطابق سعودی عرب میں ہی سپرد خاک کر دیا جائے گا ۔حج پروازیں 10شہروں سے روانہ ہوں گی۔ گورنمنٹ سکیم کے نصف عازمین حج براہ راست جدہ جبکہ باقی نصف مدینہ منورہ کے ائر پورٹ پر اتریں گے۔وزارت مذہبی امور نے مجوزہ حج پالیسی پر متعلقہ افراد کی تجاویز 10فروری تک طلب کر لی ہیں اور حج پالیسی کے مسودے کو اپنی ویب سائٹ www.hajjinfo.org پر مشتہر کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :