محکمہ توانائی نے اپنے سیکرٹریٹ کی منتقلی کیلئے تین کروڑ کے فنڈز فراہم کرنیکی درخواست کردی

جمعرات 6 فروری 2014 15:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) محکمہ توانائی نے اپنے سیکرٹریٹ کی منتقلی کیلئے تین کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کردی ، فنڈز ملنے کی صورت میں نیو انار کلی میں محکمہ ایری گیشن کے دفتر میں قائم سیکرٹریٹ کی ای ایف یو بلڈنگ میں منتقلی کا کام اگلے ماہ کے وسط تک مکمل ہونے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب کا انتہائی اہم محکمہ توانائی اپنی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے نیو انار کلی میں واقع محکمہ ایری گیشن کی عمارت میں تین کمروں میں سیکرٹریٹ قائم کر کے معاملات چلا رہا تھا تاہم امور کی انجام دہی میں مشکلات کے باعث سیکرٹریٹ کے لئے ای ایف یو بلڈنگ میں جگہ حاصل کی گئی لیکن فنڈز کی کمی کے باعث منتقلی کا کام مکمل نہ ہوسکا ۔

بتایا گیاہے کہ محکمے نے حکومت کو تین کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی سمری ارسال کردی ہے اور فنڈز کی دستیابی کی صورت میں یہ کام مارچ کے وسط تک مکمل کر لیا جائیگا۔