میری تین فلمیں مکمل ہو چکی ہیں ، جنہیں مارچ تک سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دیا جائیگا ‘ زریں

جمعرات 6 فروری 2014 14:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) اداکارہ زریں نے کہا ہے کہ اداکارہ صائمہ نور کے بعد میں اس وقت فلم انڈسٹری کی واحد اداکارہ ہوں جو سال 2004ء سے لے کر اب تک مسلسل فلموں میں کام کر رہی ہوں ، مجھے لاکھوں روپے کے عوض اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کی آفر ہوئی مگر میں سلور سکرین کو چھوڑ نہیں سکتی ، میں جب تک زندہ ہوں فلموں میں اداکاری کرتی رہوں گی ۔

” اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری تین فلمیں مکمل ہو چکی ہیں جن میں فلم نصیبو ، پتر مکھن گجر دا اور ملتے ہیں دل یہاں ، شامل ہیں اس کے ساتھ مزید چار فلموں میں اداکاری کر رہی ہوں ۔ انہوں نے بتایا کہ اُن کی مکمل ہونے والی فلمیں مارچ تک ریلیز ہو جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری فلم انڈسٹری کو نقصان باہر والوں نے نہیں پہنچایا بلکہ اس میں گھر والے قصور وار ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینما مالکان کو بھارتی فلموں کے ساتھ پاکستانی فلموں کو بھرپور انداز میں پروموٹ کرنا چاہیے ۔ پیسہ سب کچھ نہیں ہے ملک کیلئے بھی کچھ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکومت پاکستان فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے ایک جدید سٹوڈیو میں جدید ترین مشینری فراہم کرے تاکہ ہمیں اپنی فلموں کے پرنٹ بیرون ملک سے نہ کروانے پڑیں ۔