فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ممکنہ گڑبڑسے نمٹنے کے لیے برازیل کے سیکیورٹی اہلکاروں نے تربیت شروع کردی

جمعرات 6 فروری 2014 13:45

برازیلیا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6فروری 2014ء) فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ممکنہ گڑبڑسے نمٹنے کے لیے برازیل کے سیکیورٹی اہلکاروں نے تربیت شروع کردی۔ برازیل کے بارہ شہروں میں 32 ملکی ایونٹ کو پر امن اور محفوظ انداز میں منعقد کرنے کیلئے دارالحکومت برازیلیا میں باضابطہ تربیت کا آغاز ہو گیا۔ بارہ جون سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے دوران پانچ لاکھ مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔

(جاری ہے)

منسٹری آف جسٹس کی عہدیدارریگنا مکی کے مطابق میگا ایونٹ کا کامیاب انعقاد کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم ان کی کوشش ہے کہ اس دوران کوئی نا خوش گوار واقعہ پیش نہ آئے۔ نیشنل فورس تمام قومی سیکیورٹی اداروں کا مرکب اور بہترین فورس ہے جس میں ملٹری پولیس، سول پولیس، فائر فائیٹر، کریمنل انوسٹی گیٹر اور مقامی پولیس شامل ہیں۔ دس ہزار اہلکار فٹبال ورلڈ کپ کے دوران خصوصی طور پر تعینات کئے جائیں گے۔ فٹبال ورلڈ کپ 2014منصوبے پربرازیل کی حکومت چودہ ارب ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ تاہم کئی سماجی اور سیاسی تنظیمیں خطیر رقوم تعلیم، صحت، سڑکوں اور پبلک سیکیورٹی کے بجائے ورلڈ کپ پر صرف کرنے پرسراپا احتجاج ہیں اور ناقدین ورلڈ کپ کے دوران بھی احتجاجی مظاہروں کا اراددہ رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :