مذاکرات شروع کرنے سے پہلے اس کے مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے،شاہ فرمان، امن و امان کے قیام میں کامیابی سے ملک میں خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو جائے گا ، عوام خوشحال ہوں گے اور ڈر کی فضاء ختم ہو جائے گی،میڈیا سے گفتگو

بدھ 5 فروری 2014 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے اس کے مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں امن کون چاہتا ہے اور کونسی قوتیں امن کے قیام میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں ، امن و امان کے قیام میں کامیابی سے ملک میں خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو جائے گا ، عوام خوشحال ہوں گے اور ڈر کی فضاء ختم ہو جائے گی یہی ہماری اور عوام کی خواہش ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات نے مذاکرات کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے ہم سنجیدہ ہیں اور طالبان بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کامیابی کے لئے نیک نیتی سے کام کرنا چاہیے کیونکہ ہمارا ملک مزید قتل و غارت کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ملک میں امن کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کی جا سکتیں لیکن ملک دشمن عناصر امن کی راہ میں پھر بھی روڑے اٹکا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آگ اور خون کا یہ کھیل مذاکرات ہی کے ذریعے بند ہو سکتا ہے ۔انہوں نے بدامنی اور بگاڑپیدا کرنے والی تیسری قوت سے مذاکرات کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کے دھماکے نے آنکھیں کھول دی ہیں اور طالبان نے اس واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے مگر اس حقیقت کو کون جھٹلا سکتا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کی مخالف قوتیں حکومت طالبان مذاکرات سے خوش نہیں اور انہیں سبوتاژ کرنے کے لئے کچھ بھی کر سکتی ہیں اس لئے مذاکرات شروع کرنے سے پہلے راستے کاتعین ضروری ہے اور بامقصد مذاکرات سے ہی امن کا قیام ممکن ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے بہت زیادہ قربانیاں دیں اوراتنا خون بہانے کے بعد اب کسی نتیجے پر پہنچنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے کی مجموعی ترقی کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کی ہے اور صوبے کے وسائل بشمول معدنیات ، پانی ، گیس اور زرعی خودکفالت سے معاشی ترقی کے ذریعے عوام کی خوشحالی کا زینہ بن سکتی ہیں اور اس کے لئے بھر پور تیاری کی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپنی بہترین صلاحیت سے دیرپا ترقی کے لئے سمت کا تعین کیا ہے اور صوبے میں صنعت کاری اور گھریلو صنعت کو ترقی دیں گے جس سے صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگارکے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :