یوم کشمیر،جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیری عوام کیساتھ اظہاریکجہتی کیلئے پشاورمیں ریلی، حکمرانوں کو کشمیری عوام کے سروں پر سودا بازی نہیں کرنے دینگے،نائب امیرجماعت اسلامی ،حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو سبو تاژ کرنے کی سازشوں کو قوم ناکام بنا دیگی،سراج الحق

بدھ 5 فروری 2014 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 فروری ۔2014ء) بھارتی ظلم و استبداد کے خلاف برسر پیکار کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلی میں شریک ہزاروں پرجوش اور پُر عزم مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر و سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ حکمرانوں کو کشمیری عوام کے سروں پر سودا بازی نہیں کرنے دینگے۔

اقوام متحدہ کشمیر ی عوام کو اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلانے کے لئے حرکت میں آئے۔ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو سبو تاژ کرنے کی سازشوں کو قوم ناکام بنا دیگی۔ مولانا فضل الرحمن اور عمران خان بھی مذاکراتی عمل سے خود کو علیحدہ نہ کریں۔

(جاری ہے)

مذاکرات کو کامیاب بنانے اور ملک میں دیر پا اور پائیدار امن کے قیام کے لئے جس کے بس میں جو کچھ بھی ہو اسے وہ کرنا چاہیے۔

حکومت اور طالبان مذاکرات خفیہ نہیں بلکہ اعلانیہ ہونے چاہئیں اور پوری قوم کو اس سے آگاہ رکھنا چاہیے۔ حکومت اور طالبان دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کو مکمل اختیار دیں تاکہ وہ پوری قوت سے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھا سکیں۔ جب بھی حکومت اور طالبا ن کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو تا ہے ، کبھی ڈرون حملے کروا کرمذاکرات کو ناکام بنا یا جاتا ہے اور اب اسے القاعدہ یا د آگئی ہے۔

پشاور میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات بھی حکومت اور طالبان مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازشوں کی کڑی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ ریلی سے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈوکیٹ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈوکیٹ، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری حمد اللہ جان بڈھنی نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ہزاروں شرکاء پر مشتمل عظیم الشان ریلی کا آغاز ہشتنگری چوک سے ہوا۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اور سینئر صوبائی وزیر سراج الحق اور دیگر رہنماء کر رہے تھے۔ جماعت اسلامی کے قائدین ایک گاڑی میں سوار تھے ۔ ریلی کے شرکاء نے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور بینرز اُٹھا رکھے تھے ۔

جن پر مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء بھارتیوں سن لو ، کشمیر ہمارا ہے۔ سارے کا سارا ہمارا ہے۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دو۔ کشمیرکی آزادی تک جنگ رہے گی۔ جنگ رہی گی کے نعرے بلند کر تے رہے ۔ ریلی کے شرکاء ہشتنگری چوک، جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے اشرف روڈ پہنچے جہاں ریلی نے احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی ۔

نعرہ اللہ اکبر اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو کشمیری کہتے ہیں تو پھر اُس کا ثبوت بھی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اس خطے میں بالادستی چاہتا ہے لیکن اس کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی سامراج کی شہ اور پشت پناہی کے بل بوتے پر بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماء ملا عبدالقادر کو محض اس وجہ سے پھانسی کی سزا دے گئی کہ انہوں نے 1971میں پاکستان کو توڑنے کی سازشوں کے خلاف آواز بلند کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کے عوام حسینہ واجد کی غیر جمہوری اور غیر قانونی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور دنیا کے کسی بھی ملک نے حسینہ واجد کو فراڈ الیکشن میں جیت پر مبارکباد نہیں دی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈوکیٹ نے ایک قرار داد پیش کی جس میں بھارتی استبداد کے خلاف بر سر پیکار مقبوضہ کشمیر کے غیو ر عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور اقوا م متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دی جائے۔ قرار داد میں پشاور میں دہشت گردی اور بم دھماکوں کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کو سبو تاژ کرنے کی سازشوں کو کڑی ہے۔

پشاور کے عوام دہشت گردی کے واقعات اور حکومت ، طالبان مذاکرات کو ناکام بنا نے کے لئے بر سر پیکار قوتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ ایڈوکیٹ نے ریلی کے شرکاء کو ہزاروں کی تعداد میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کشمیری عوام جو جدوجہد کر رہے ہیں خیبر پختونخوا کے عوام اپنے کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت طالبان مذاکرات کی مخالفت کر ر ہے ہیں در اصل وہ پاکستان اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ ریلی کے شرکاء بعد ازاں پُرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔