کرکٹرعمراکمل کے خلاف مقدمے کاچالان عدالت میں جمع ،عمر اکمل وارڈن سے جھگڑے کے باقاعدہ ذمہ دار قرار

بدھ 5 فروری 2014 15:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء) گلبرگ پولیس نے کرکٹرعمراکمل کے خلاف مقدمے کاچالان عدالت میں جمع کرادیا، عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کا باقاعدہ ذمہ دار قراردیدیا گیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق عمر اکمل پر مقدمے کا چالان منگل کے روز عدالت میں جمع کرایا گیا تھا۔ پولیس نے عمر اکمل کے خلاف چالان جوڈیشنل مجسٹریٹ امتیاز احمد نور کی عدالت میں پیش کیا ۔

تفتیشی افسر امدا دعلی کی جانب سے جمع کروایا گیا چالان دو صفحات پر مشتمل ہے جس میں عمر اکمل کو وارڈن سے جھگڑے کا باقاعدہ ذمہ دار قرار دیا گیا ۔

(جاری ہے)

عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں کہا گیا ہے کہ عمر اکمل نے ٹریفک وارڈن کے ساتھ بدتمیزی کی اوراسے دھمکیاں بھی دیں ۔عمراکمل پر ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد کارسرکارمیں مداخلت پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ فردوس مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں عمر اکمل نے سگنل توڑا اور وارڈن کے روکنے کے باوجود گاڑی نہ روکی۔ جبکہ عمر اکمل کا موقف ہے کہ انہوں نے وارڈن سے کہا کہ انہیں جلدی ہے، ایک تقریب میں جانا ہے لیکن اس نے بد تمیزی کی اور ان پر تشدد کیا، جس سے چہرے پر زخم بھی آیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عمر اکمل کو طلب کر لیا ۔