Live Updates

جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا موثر حل ناگزیر ہے‘ عمران خان

بدھ 5 فروری 2014 12:40

جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا موثر حل ناگزیر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 فروری 2014ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان نے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کے موثر حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اہل کشمیر کیلئے حق خودارادیت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بسنے والے کروڑوں کشمیریوں کے مستقبل پر ان کا حق تسلیم کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان تنازعے کے حل پر پوری نیک نیتی سے توجہ دیں اور عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کے سیاسی حل کی جانب راہ ہموار کریں۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اہل کشمیر کی جہدوجہد آزادی کو خراج عقیدت اور کشمیری قوم کی قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تقسیم ہند سے جنم لینے والے یہ تنازعے بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں کشیدگی کا اگرچہ بڑا سبب ہے تاہم اس کی اہمیت کی وجوہات میں سے بڑی وجہ کروڑوں کشمیریوں کامستقبل ہے جو کہ اس تنازع کی نذر ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابتداء سے آج تک کشمیری بھارتی مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں اور مقبوضہ وادی میں متعین بھارتی افواج کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سامنے آرہی ہیں جس پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی سکوت مجرمانہ اور قابل مذمت ہے۔ کشمیر کے تنازعے کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ طاقت کے بل بوتے پر غاصبانہ مسلط کو دوام بخشنے کی بھارتی کوشش پوری دنیا خصوصاً جنوبی ایشیا میں جنگ کے آلاؤ روشن کر سکتی ہے چنانچہ اقوام عالم کو معاملے کی نزاکت کا احساس کرنا چاہیے اور معاملے کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنے بیان میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجودگی کے باوجود عالمی برادری کا خطے میں انسانی المیے کو جنم دے رہا ہے اور اہل کشمیر کے سیاسی، انسانی اور اخلاقی حقوق کی پامالی کا باعث بن رہا ہے ۔ اہل کشمیر کیلئے حق خودارادیت اور استصواب رائے کے ذریعے مستقبل کے چناؤ کی حمایت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے بھارت سے کشمیریوں کو حقوق کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور مقبوضہ وادی سے بھارتی افواج کے فوری انخلاء کی ضرورت پر زور دیا ۔

اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے اہل کشمیر کے دیرینہ مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ان کی اخلاقی، انسانی و سفارتی پشت پناہی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیر اور اہل کشمیر سے اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات