وزیر داخلہ سے حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی ملاقات ، مذاکرات کے حوالے سے بات چیت ، مذاکراتی کمیٹی مکمل بااختیار ہے، کمیٹی جو فیصلہ کرے گی قبول کیا جائے گا ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

منگل 4 فروری 2014 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کے لئے بنائی کمیٹی کے ممبران نے اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی مکمل بااختیار ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ کمیٹی جو فیصلہ کرے گی، قبول کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ممبران نے چوہدری نثار کو بتایا کہ طالبان کی جانب سے کمیٹی ممبران کی وضاحت آگئی ہے، ہم مذاکرات شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومتی کمیٹی مکمل بااختیار ہے، کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اس کے پیچھے کھڑے ہوں گے۔حکومتی کمیٹی نے کہاکہ طالبان کمیٹی جہاں چاہے بات چیت کیلئے تیار ہیں، حکومت کی کوئی پیشگی شرط نہیں،بات چیت کے مرحلے پروضاحتیں سامنے رکھیں گے، مولانا سمیع الحق سے فوری رابطہ کرکے ملاقات کا وقت اور جگہ کا تعین کریں گے۔