پنجاب اسمبلی میں آزاد اراکین کاحکومت کی حمایت کے باوجود نظر اندازکئے جانے پر الگ گروپ بنا کر جدوجہد کا فیصلہ ،الگ نشستوں کی درخواست پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کیلئے نام مانگ لیا ،دوسرے اراکین اسمبلی کے برعکس حکومت نے ہمیں مکمل طور پر نظر انداز کررکھا ہے ،اپنے حلقوں کی عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرینگے‘ علی سلمان

منگل 4 فروری 2014 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں پانچ آزاد اراکین اسمبلی نے حمایت کے باوجود حکومت کی طرف سے نظر اندازکئے جانے پر الگ گروپ بنا کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کرلیا ،ا لگ نشستوں کی درخواست پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کیلئے نام مانگ لیا ۔آزاد ارکان سردار نصر اللہ دریشک ، احسن ریاض فتیانہ ، نجیب االلہ نیازی ، رزاق نیازی اور علی سلمان کی طرف سے دسمبر میں دی جانے والی درخواست میں کہا گیا تھا کہ وہ آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے کسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کی اس لئے انکو ایوان میں الگ نشستیں الاٹ کی جائیں ۔

ان پانچ ارکان نے وزیر اعلی پنجاب ،اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب اور بجٹ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا تھا اور حکومتی بنچوں پر بیٹھتے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسپیکر کودی جانے والی درخواست میں نجیب اللہ نیازی کے دستخط موجود نہیں تھے ۔اسمبلی ذرائع کے مطابق درخواست دینے والے اراکین اسمبلی کو اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کر کے آگاہ کرنے کیلئے خط ارسال کردیا گیا ہے ۔

علی سلمان نے ” این این آئی “ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پانچ اراکین اسمبلی نے دسمبر میں اس سلسلہ میں درخواست دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے اراکین اسمبلی کے برعکس حکومت نے ہمیں مکمل طور پر نظر انداز کررکھا ہے جسکے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنا الگ گروپ تشکیل دے کر اپنے حلقوں کی عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نجیب اللہ نیازی کی طرف سے کچھ وضاحت نہیں ملی اس لئے ان سے رابطہ کیا جائے گا ۔