قبائلی نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں،انجینئرشوکت اللہ ،نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے ترقی یافتہ علاقوں کی طرز پرسہولیات مہیا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،فاٹا کے نوجوان وزیراعظم نوازشریف یوتھ لون سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ،جامع پروگرام ترتیب دیں،گورنرخیبرپختونخواکاسیمینارسے خطاب

منگل 4 فروری 2014 19:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 فروری ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ قبائلی نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لئے ترقی یافتہ علاقوں کی طرز پرسہولیات مہیا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فاٹا کے نوجوان اس خطے کا مستقبل ہیں اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ وہ اپنی پالیسی خود بنائیں۔

وہ منگل کے روز پشاور میں فاٹایوتھ پالیسی کیلئے منعقدہ ایک روزہ مشاورتی سیمینارسے خطاب کررہے تھے۔ سیمینارسوشل سیکٹرڈیپارٹمنٹ فاٹا کے زیراہتمام منعقدکیاگیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ارباب محمدعارف اور سیکرٹری سوشل سیکٹرڈیپارٹمنٹ سردار محمدعباس کے علاوہ وکلاء، نوجوان، طلباء وطالبات اورفاٹاسے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے نمائندگان بڑی تعداد میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ فاٹا کے نوجوان وزیراعظم محمدنوازشریف کی جانب سے یوتھ لون سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور ایک جامع پروگرام ترتیب دیں تاکہ وہ اس سکیم سے حقیقی معنوں میں مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ صحت اور تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور فاٹاکے 250 طلباء کو اس سال کیڈٹ کالجز میں داخلہ دیاجائیگا ۔

گورنرنے یہ امر بھی واضح کیاکہ بلاشبہ دہشت گردی سے فاٹا کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھرہوئے ہیں اور حکومت کو اس کا مکمل ادراک ہے کہ وہ ملک وقوم کے مستقبل اور امن کی بحالی کیلئے یہ تکلیف اٹھارہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ جلد ازجلد بے گھر افراد واپس اپنے علاقوں میں آباد کئے جائیں جس کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا کے عوام محب وطن ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ان کا کردار قابل تحسین ہے اور ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے اس کیلئے ہمیں مل بیٹھ کر سوچناہوگا اور اسی لئے آج اس سیمینار میں آپ نوجوانوں کی مشاورت سے فاٹایوتھ پالیسی کے مسودے کوحتمی شکل دی جارہی ہے اور آپ کی سفارشات کو پالیسی میں شامل کرکے وفاقی حکومت سے اس کی باقاعدہ منظوری لی جائیگی تاکہ فاٹا کے نوجوان نسل کے کامیاب مستقبل کو یقینی بنایاجاسکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس پالیسی کے ذریعے قبائلی نوجوانوں کودرپیش مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی اوروہ معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ سیاسی آگاہی بھی حاصل کرسکیں گے۔ گورنرنے یقین دلایا کہ فاٹا کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے عوام حقیقی معنوں میں مستفید ہوں گے اور تعلیمی درسگاہیں اور ہسپتال وہاں تعمیرہوں گے جہاں پر زیادہ سے زیادہ غریب عوام اس سے فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ کے تجاویز سے فاٹا کے نوجوانوں کیلئے ایسی پالیسی تیار کرنے میں مدد ملے گی جس سے فاٹا میں ترقی کا ایک نیاباب شروع ہوگا۔