کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل خطے کے امن اور ترقی کیلئے بے حد ضروری ہے ، سپیکر قومی اسمبلی

منگل 4 فروری 2014 17:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کی خوشحالی اور امن کیلئے ہی خطرہ نہیں بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہے، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل خطے کے امن اور ترقی کیلئے بے حد ضروری ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 6دہائیوں سے کشمیر ی عوام کی ان گنت قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ دن مناتے ہیں جس میں بہادر کشمیری ظلم اور بربریت کے خلاف ثابت قد م رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو غیر متزلزل اخلاقی سیاسی اور سفارتی امداد فراہم کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے اور پاکستان و کشمیر کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پائیدار امن حاصل نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے خلاف جبر ، تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ قومی اسمبلی کے سپیکر نے کشمیری عوام سے اپنی حمایت کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور ان کے مطالبات تسلیم ہونے تک شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ اس سلسلے میں کشمیری عوام کے ساتھ سفارتی اور اخلاقی حمایت بھی جاری رکھیں گے۔