پاکستان اور سعودی عرب لازوال اور مضبوط دینی اور ملی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں سعودی سفیر ابراہیم الغدیر

منگل 4 فروری 2014 14:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء) پاکستان میں متعین سعودی سفیر ابراہیم الغدیر اور وائس چانسلر امام جامعہ محمد بن السعود الاسلامیہ ڈاکٹر سلیمان بن عبداللہ ابالخیل کے اعزاز میں مرکز ی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی طرف سے مرکز106 راوی روڈ میں استقبالیہ دیا گیا۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر امام جامعہ محمد بن السعود الاسلامیہ ڈاکٹر سلیمان بن عبداللہ ابالخیل نے کہا کہ اسلام تشدد کی بجائے رواداری اور احترام کا درس دیتا ہے رسول کریمﷺ نے دشمنوں سے بھی حکمت اور دانائی سے بات کی،قرآن وسنت کی تعلیمات اپنا کر امت مسلمہ اپنا کھویا ہو ا مقام بحال کرسکتی ہے۔سعودی عرب اور پاکستان میں اخوت کا رشتہ روز بروز توانا ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

حرمین شریفین میں روزانہ پاکستان کی سلامتی واستحکام کی دعائیں ہوتی ہیں۔پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن اور پاکستان کا دوست ہمارا دوست ہے۔پیغام ٹیلی ویژن دینی نشریات کے ذریعے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کررہا ہے۔ذرائع ابلاغ کے میدان میں دینی طبقے کا آگے آنا خوش آئند ہے۔سعودی سفیر ابراہیم الغدیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب لازوال اور مضبوط دینی اور ملی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔

ہمیں اسلام اور عالم اسلام کی ترقی واستحکام کے لیے مل کر چلنا ہو گا۔ مسلمانوں میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔پروفیسر ساجد میر نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دوقالب ہیں دنیا کی کوئی طاقت ان میں دراڑ پیدا نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہاکہ طاغوتی طاقتیں فرقہ وارانہ جنگ میں دھکیل کر ہمیں کمزور کرنا چاہتی ہیں مگر ہم قرآن وسنت کے پرچم کو مضبوطی سے تھام کر ایسی سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔ ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ سعودی عرب عالم اسلام کی امید وں کا مرکز ہے عالم اسلام کی وحدت حرمین شریفین کی وجہ سے ہے۔ استقبالیہ سے مولانا ابواتراب، مولانا یسین ظفر نے بھی خطاب کیا جبکہ حاجی عبدالرزاق، مولانا نعیم بٹ، رانا شفیق خاں پسروری، مولانا فضل الرحمن مدنی، مولانا عبدالباسط شیخوپوری،ڈاکٹر ذاکر شاہ، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، حافظ عبدالستار حامد، میاں محمود عباس،حاجی نذیر انصاری، حافظ یونس آزاد حافظ عمران عریف، فیصل شیخ ،رانا نصراللہ خاں ڈاکٹر ذاکر شاہ ودیگر نے بھی شرکت کی۔

مہمانان نے دفاتر کا دورہ بھی کیا اور انہیں اعزاز ی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :