طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، رچرڈ اولسن

منگل 4 فروری 2014 11:43

طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، رچرڈ اولسن

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 فروری 2014ء) امریکہ نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے کم کر دئیے۔پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے دنیا نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

رچرڈ اولسن نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات سے پاکستانی علاقوں پر غیرملکی جنگجووں کا اثرورسوخ کم ہو گا۔

(جاری ہے)

رچرڈ اولسن نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے نیٹو سپلائی روٹ کھلا رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، نیٹو سپلائی کے حوالے سے امریکہ کا وفاقی حکومت کے ساتھ معاہدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سپلائی روٹ بند ہو تو بھی امریکہ کے پاس بہت راستے ہیں۔ رچرڈ اولسن نے کہا کہ صدر اوبامہ نے ڈرون حملوں میں کمی کی بات کی تھی، صدر اوبامہ کا خطاب ڈرون حملوں پر امریکی پالیسی واضح کرتا ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات چند معاملات پر اختلاف رائے کے باوجود مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔