پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد اور شفافیت کی بنیادوں پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ، چوہدری نثار علی خان ،امید ہے امریکہ علاقائی سلامتی میں پاکستانی مفادات کا خیال رکھے گا ، وفاقی وزیر داخلہ کی میڈیا سے بات چیت ،امریکہ امن کے فروغ کیلئے پاکستانی حکومت کے وژن کی قدر کرتا ہے ،جلد ہی خطہ امن و ترقی کی دوڑ میں شامل ہوگا ،امریکی سفیر

پیر 3 فروری 2014 21:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد اور شفافیت کی بنیادوں پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ، امید ہے امریکہ علاقائی سلامتی میں پاکستانی مفادات کا خیال رکھے گا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پیر کو یہاں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد اور شفافیت کی بنیادوں پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے 2014ء میں غیر ملکی افواج کی واپسی کے بعد پاکستان کو اہم کردار ادا کرنا ہے اور توقع ہے کہ امریکہ علاقائی سلامتی میں پاکستانی مفادات کا خیال رکھے گا۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر نے حال ہی میں واشنگٹن میں ہونے والے پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات کے 4 دور کے اختتام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر تسلی بخش ہے کہ دونوں ممالک کے مابین بہت مثبت بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے نقطہ نظر سے آگاہی حاصل کی۔

امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی حکومت کے وژن کی قدر کرتا ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی یہ خطہ امن و ترقی کی دوڑ میں شامل ہوگا۔