فیصل آباد،انٹر ڈویژنل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد کی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطاء بندیال سے ملاقات ،مارچ کے پہلے ہفتہ میں پانچوں ڈویژن کے بینچزکے قیام کی رپورٹ دی جائیگی،چیف جسٹس کی یقین دہانی،رپورٹ آنے تک ہر ہفتہ ہونیوالی ہڑتال بدستور جاری رہے گی، آئندہ کا لائحہ عمل مارچ میں رپورٹ آنے کے بعد دیا جائیگا، کمیٹی کا فیصلہ

پیر 3 فروری 2014 21:16

فیصل آباد،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر وچئیرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے ہائی کورٹ بنچ چوہدری تنویر الرحمٰن رندھاواایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد وجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری چوہدری اعجاز احمد واہلہ کی قیادت میں انٹر ڈویژنل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پانچ ڈویژن ہائے فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ اور ڈی جی خان میں ہائیکورٹ بینچز کے قیام کے سلسلہ میں لاہور ہائیکورٹ لاہور کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سے ملاقات کی۔

ملاقات میں چیف جسٹس صاحب کے ساتھ عزت مآب جسٹس اعجاز الحسن، جسٹس ملک محمد منظوراور جسٹس شیخ نجم الحسن صاحب بھی شامل تھے۔ انٹر ڈویژنل جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں میاں محمد عارف صدر سرگودھا بار، محمد واصف بھٹی سیکرٹری سرگودھا بار، چوہدری احور طفیل وڑائچ صدر گوجرانوالہ بار، رانا عامر افتخار سیکرٹری گوجرانوالہ بار، راجہ جاوید محمود صدر ساہیوال بار،مہر عابد حسین بھونانہ سیکرٹری ساہیوال بار،قاضی صدرالدین علوی صدر ڈی جی خان باراورطالب حسین ببر سیکرٹری ڈی جی خان باربھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ لاہور نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے وعدہ کیا کہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں جسٹس منصور علی شاہ صاحب کی سرپرستی میں جسٹس محمد شہزاد ملک، جسٹس امین الدین صاحبان پر قائم کمیٹی کی دستخط شدہ رپورٹ کی روشنی میں انٹر ڈویژنل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو لاہور ہائیکورٹ لاہور بلوا کر فیصلہ کرکے پانچوں ڈویژن میں بینچز کے قیام کی رپورٹ دی جائیگی۔

بعد ازاں انٹر ڈویژنل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں پانچوں ڈویژن ہائے میں ہائیکورٹ بینچز کے قیام کی رپورٹ آنے تک ہر ہفتہ میں جمعہ اور ہفتہ کو ہونیوالی ہڑتال بدستور جاری رہے گی جبکہ آئندہ کا لائحہ عمل مارچ میں رپورٹ آنے کے بعد دیا جائیگا۔ نیز متفقہ طور پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 22فروری کو لاہور ہائیکورٹ بار کے حالیہ الیکشن کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جائیگا اور پانچوں ڈویژن فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ اور ڈی جی خان کے وکلاء احتجاجی طور پر اس الیکشن میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال نہیں کریں گے۔

کیونکہ لاہور ہائیکورٹ بار کے موجودہ صدر عابد ساقی نے گورنمنٹ پنجاب کی طرف سے پانچوں ڈویژن میں سمری منظور ہونے اور گورنر پنجاب کی طرف سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ لاہور کو بھجوائے جانے کے خلاف قرارداد مذمت پاس کی تھی۔ عابد ساقی صدر لاہور ہائیکورٹ بار کے اس رویہ اور بنچز کی مخالفت کرنے کی وجہ سے الیکشن کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔ نیز پانچوں ڈویژن فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ اور ڈی جی خان کے صدور وسیکرٹری صاحبان نے یکم فروری کو لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر عابد ساقی کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان کو دئیے جانے والے عشائیہ کا بائیکاٹ بھی عابد ساقی کے رویہ اور بینچز کی مخالفت کی وجہ سے کیا تھا نیز یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پانچوں ڈویژن ہائے میں عابد ساقی صدر لاہور ہائیکورٹ بارہائے کے داخلہ پر تاحیات پابندی لگائی جاتی ہے تاوقتیکہ وہ اپنے رویہ پر معافی نہیں مانگتے اور قرارداد مذمت واپس نہیں لیتے۔