خضدار میں اجتماعی قبروں کی دریافت کا حکومت نوٹس لے رہی ہے ، آغاز حقوق بلوچستان کے تمام نکات پر عمل ہوگا ، راجہ جاوید اخلاص،گرے ٹریفک روکنے کیلئے 27 ملین ڈالر کی لاگت سے لینڈنگ سسٹم لگایا گیا ہے، 3 لاکھ 50 ہزار ای میل ایڈریس اور ہزار غیر قانونی سمیں بلاک کی گئیں،حکومت مزید اقدامات کریگی ،قومی ا سمبلی میں وقفہ سوالات ،نیو اسلام آباد ایئر پورٹ 2016ء میں مکمل کر لیا جائیگا موہنجو داڑو سے کراچی اور اسلام آباد میں پروازیں معمول کے مطابق چلانے کیلئے پی آئی اے انتظامیہ سے بات کرینگے ، شیخ آفتاب ، جب تک ملا بردار اور مسافر گاڑیوں میں توازن نہیں آئے گا ریلوے خسارے سے نہیں نکل سکتا ، خواجہ سعد رفیق

پیر 3 فروری 2014 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ خضدار میں اجتماعی قبروں کی دریافت کا حکومت نوٹس لے رہی ہے ، آغاز حقوق بلوچستان کے تمام نکات پر عمل ہوگا ، گرے ٹریفک روکنے کیلئے 27 ملین ڈالر کی لاگت سے لینڈنگ سسٹم لگایا گیا ہے جس سے قومی خزانے کو خطیر بچت ہو گی، غیر قانونی سموں کو بلاک کرنے اور غیر قانونی مواصلاتی نظام کے سدباب میں مدد ملے گی، گرے ٹریفک کی بیخ کنی کیلئے اور کنکشنوں کے سراغ کیلئے سم باکس سلوشن متعارف کرانے جا رہے ہیں ،نیو اسلام آباد ایئر پورٹ 2016ء میں مکمل کر لیا جائیگا موہنجو داڑو سے کراچی اور اسلام آباد میں پروازیں معمول کے مطابق چلانے کیلئے پی آئی اے انتظامیہ سے بات کرینگے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ گرے ٹریفکنگ روکنے کیلئے 27 ملین ڈالر لاگت سے لینڈنگ سسٹم لگایا گیا اس کی وجہ سے تین سے چار ہزار غیر قانونی نمبر بلاک کئے گئے ہیں اور 97 ہزار غیر قانونی سمیں بلاک کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس میں سم باکس سسٹم لگانے سے مزید بہتری آئیگی۔ پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ نئے سسٹم کے نفاذ کے بعد بھی کوئی خامی رہ گئی تو حکومت مزید اقدامات پر غور کریگی۔

پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ گرے ٹریفک کی روک تھام کیلئے 3 لاکھ 50 ہزار ای میل ایڈریس بلاک کئے، 97 ہزار 315 سمز بلاک کیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرے ٹریفک کی بیخ کنی کیلئے اور کنکشنوں کے سراغ کیلئے سم باکس سلوشن متعارف کرانے جا رہے ہیں رواں سال کے آخر تک سمز کے اجراء کا عمل ریگولرائز ہو جائیگا جس کے بعد جعلی سمز کی روک تھام ہو سکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ2009ء سے اب تک پی ٹی اے نے ایف آئی اے کی مدد سے 121 چھاپے مارے جس سے یونیورسل سروس فنڈ کو 78 کروڑ ڈالر سے زائد کی بچت ہوئی۔ راجہ جاوید اخلاص نے بتایا کہ بلوچستان کیلئے آغاز حقوق پیکیج میں 16 میں سے 43 پالیسی ایکشن میں سے 32 پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ آئینی معاملات پر 100 فیصد عمل ہو چکا ہے۔ معاشی اور ترقیاتی پیکیج اور اس کے علاوہ دیگر امور پر وزارتیں کام کر رہی ہیں۔

حکومت اس حوالے سے واضح نکتہ نظر رکھتی ہے کہ بلوچستان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ آغاز حقوق بلوچستان کے تمام نکات پر عمل ہو گا۔ اس پیکیج کے مسترد کئے جانے کے حوالے سے کسی سیاسی جماعت کی جانب سے کوئی اعتراض ابھی تک موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خضدار میں اجتماعی قبروں کی دریافت کا حکومت نوٹس لے رہی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے بتایا کہ نادرا ڈیٹا سے تصدیق کے بعد نئی سموں کا اجراء کیا جاتا ہے۔

112 فرنچائزڈ کو ضابطہ کی کارروائی کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے بتایا کہ سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی اخبارات کے ذریعے شفاف طریقے کار سے دی جاتی ہے جب تک مناسب قیمت نہ آ جائے نیلام نہیں کئے جاتے۔ نیلامی کی تمام کارروائی کی منظوری سی ڈی اے بورڈ دیتا ہے۔ اسد عمر کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے کی آمدن اور اخراجات کی مکمل تفصیلات ہوتی ہیں۔

وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نظرثانی شدہ تخمینہ اس لئے بڑھ گیا ہے کیونکہ پہلے چھوٹا رن وے تھا اب عالمی معیار کے مطابق ایئر پورٹ بنے گا جو 2016ء میں مکمل کر لیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ نئے اسلام آباد کے علاوہ کوئی دوسرا ایئر پورٹ بنانے کا منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ حکومت نے پی آئی اے کو 16 ارب روپے کا خصوصی پیکیج دیا ہے جس سے اس کے طیارے مرمت ہونگے۔

پی آئی اے کے پاس 32 جہازوں کا فلیٹ تھا جس میں سے 10 گراؤنڈ کر دیئے گئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے دیئے گئے پیکیج میں سے قرض کی واپسی بھی ہو گی۔ اس کے علاوہ حکومت نے پی آئی اے کی بحالی کیلئے پائیدار بزنس ڈویلپمنٹ پلان کی تیاری، ترکی سے وٹ لیز پر چار جہازوں کا حصول ڈرائی لیز پر 5 جہازوں کے حصول کی منظوری دی جا چکی ہے۔ یہ جہاز اپریل 2014ء سے اکتوبر 2014ء کے دوران پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موہنجو داڑو سے کراچی اور اسلام آباد میں پروازیں معمول کے مطابق چلانے کیلئے پی آئی اے انتظامیہ سے بات کرینگے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی صفائی ستھرائی کے معاملات بالکل درست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا اسلام آباد ایئر پورٹ 2016ء تک مکمل ہو جائے گا اس پر 97 ارب روپے لاگت آئے گی۔شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ 8 ارب روپے کی لاگت سے ملتان ائیر پورٹ کو جدید بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسافر نہ ہونے کی وجہ سے بعض ایئر پورٹس بند کئے گئے ہیں ان میں بنوں بھی شامل ہے۔ اب چھوٹے جہاز بھی بیڑے میں شامل ہیں اگر وہاں پر مسافر ہوئے تو اسے کھول دیا جائے گا شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ پی آئی اے کے حوالے سے یہ شکایات عام ہیں کہ جہاز میں ریزرویشن کرائی جائے تو کہا جاتا ہے کہ جہاز فل ہے تاہم اصل صورتحال اس سے مختلف ہوتی ہے۔

اس حوالے سے پی آئی اے کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ اس کا سدباب کریں۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ دیگر اداروں کی طرح پی آئی اے کی حالت بھی خراب تھی ہم اس کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ایمسٹرڈیم کی پرواز منافع میں نہیں تھی ہم نے بند کر دی اب ہم نئے جہاز لے رہے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ میں پی آئی اے کا خسارہ بتدریج کم ہوا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ محسن شاہ نواز رانجھا نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تاریخی ورثہ سے متعلق جگہیں صوبائی حکومتوں کو دے دی گئی ہیں تاہم تجربے کی کمی کی وجہ سے وہ اس تاریخی ورثے کی دیکھ بھال مناسب طریقے سے کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اس ضمن میں ملکر کام کرنا چاہئے محسن شاہ نواز رانجھا نے بتایا کہ 18 ویں تر میم کے بعد تاریخی ورثہ سے متعلق امور اور جگہیں صوبوں کو دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ تجربہ کی کمی کی وجہ سے صوبائی حکومتیں اس ورثہ کی بہتری کیلئے اقدامات نہیں اٹھا سکیں۔ اس وقت ملک بھر میں چھ تاریخی ورثہ کی حامل جگہیں ہیں۔ وفاقی صوبائی حکومت سے اس بارے میں مل بیٹھنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج پیرس فرانس نے پا کستان کے چھ مقامات کو عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

ان میں آثار قدیمہ موہنجو داڑو، ماکلی ٹھٹھہ، بادشاہی مسجد لاہور، شالیمار باغ، قلعہ روہتاس جہلم، تخت بھائی شہر بہلول اور آثار قدمہ ٹیکسلا شامل ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری سید محمد عاشق حسین شاہ نے بتایا کہ 2013ء میں لوکو موٹو 274 تک پہنچ چکے ہیں، بوگیاں 731 تک ہو چکی ہیں، 2008-09ء میں انجن 124 تھے اور بوگیاں 415 تھیں۔ خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ریلوے سسٹم میں عملہ کی نگرانی کے بغیر ریلوے کراسنگ کی کل تعداد 1993 ہے۔

حکومت ان پھاٹکوں پر گیٹ لگانے کیلئے سنجیدہ ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ جب تک ملا بردار اور مسافر گاڑیوں میں توازن نہیں آئے گا ریلوے خسارے سے نہیں نکل سکتا۔ حکومت پنجاب نے 75 حساس ترین ریلوے کراسنگ پوائنٹس پر پھاٹک نصب کرنے کیلئے 63 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ دیگر وزراء اعلیٰ سے بھی اس حوالے سے درخواست کی ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کی آخری آڈٹ رپورٹ مالی سال 2011-12ء کے کھاتہ جات کے سلسلے میں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر اور ٹریک کے منصوبے مکمل کرنے کیلئے قیمتی آلات منگوائے ہیں ان کے آنے سے منصوبوں کی تکمیل میں بہتری آئیگی۔ اگر وزارت کی طرف سے سوا لات کے جوابات درست نہیں آئیں گے تو معاف نہیں کرینگے۔