Live Updates

مذاکرات کیلئے درست سمت کا تعین ناگزیر ہے‘ امید ہے مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہونگے ،جاوید ہاشمی ، عمران خان کی طالبان کی نامزد مذاکراتی کمیٹی میں عدم شرکت کا فیصلہ پارٹی کی سفارش پر کیا گیا، قیادت مذاکرات کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے ،میڈیا سے گفتگو

پیر 3 فروری 2014 21:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان مذاکرات سے الگ نہیں ہورہے ہیں۔ تحریک انصاف حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور مذاکرات کی کامیابی کے لئے خیبر پختونخواہ کی حکومت معاونت کرے گی۔

پیر کو کراچی ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے لئے تمام جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئینی طور پر ایک اسلامی ملک ہے۔ یہاں آئین کے مطابق اسلامی شرعی نظام نافذ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئین کی پاسدار جماعت ہے اور ہم آئین میں رہتے ہوئے ہی قانون سازی کو تسلیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو آئین میں ترمیم کرنی ہے تو وہ دو تہائی اکثریت پارلیمنٹ میں لائے اور پھر آئین میں ترامیم کرلے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی، انتہا پسندی اور امن وامان جیسے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ امن کے قیام کے لئے حکومت کے ساتھ تمام سیاسی قوتیں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ملک میں امن قائم ہو۔ یہاں ترقی ہو اور عوام کے مسائل حل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جتنا امن ہمیں خیبر پختونخواہ کا عزیز ہے اتنا ہی ہمیں کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور ملک کے گوشے گوشے کا امن عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان یا کسی نے بھی دہشت گردی کی تحریک انصاف نے اس کی مذمت کی ہے۔ تحریک انصاف عوام کی جماعت ہے اور ہم ملک میں قیام امن اور طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات