سینیٹ کی ایڈوائزری کمیٹی نے سینٹ کا رواں اجلاس 17فروری تک جاری رکھنے کا فیصلہ،خارجہ امور، امن وامان بارے داخلی معاملات اور گیس و بجلی کی قلت اور توانائی کے بحران پر جمع شدہ تحاریک پر بحث کی جائیگی،چیئر مین سینیٹ نے رواں سیشن 101 کیلئے پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کر دیا

پیر 3 فروری 2014 21:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) سینیٹ کی ایڈوائزری کمیٹی نے سینٹ کا رواں اجلاس 17فروری تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چیئر مین سینٹ نے رواں سیشن 101 کیلئے پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کر دیا ۔ پیرکو چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں اجلاس میں خارجہ امور، امن وامان کے حوالے سے داخلی معاملات اور گیس و بجلی کی قلت اور توانائی کے بحران پر جمع شدہ تحاریک پر بحث کی جائیگی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان کی کاروائی موثر انداز میں چلانے کیلئے بہتر پارلیمانی روایات کو فروغ دینا وقت کی اشد ضرورت ہے اور اس سے پارلیمانی جمہوریت کو استحکام ملے گا اور نظام میں بہتری آئیگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ، سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن، مشاہد اللہ خان ، ایم کیو ایم کے سینیٹر کرنل (ر)طاہر حسین مشہدی ، سینیٹر عباس خان آفریدی ، سینیٹر عبدالروف ، سینیٹر کلثوم پروین ،اے این پی کے سینیٹر محمد زاہد خان ، سینیٹر کامل علی آغا اور سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سینٹ کا 101 واں اجلاس 17فروری تک جاری رہے گا جس میں قانون سازی کے امور کے علاوہ قومی و بین الاقوامی اہمیت کے حامل مسائل پر بھی بات کی جائیگی جس کا براہ راست یا بالواسطہ اثر عوام پر پڑتا ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے اس دوران بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ چیئر مین کی رولنگز کے حوالے سے سینیٹ سیکریٹریٹ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام رولنگز کو اکٹھا کر کے ایک کتابی شکل دی جائے تاکہ مستقبل کیلئے ان رولنگز کو ریفرنس کے طور پر استعمال کیا جائے اور رہنمائی لی جا سکے۔

بعد ازاں سینٹ اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کیا ، سینیٹر افراسیاب خٹک، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ اور سینیٹر محسن لغاری چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی عدم موجودگی میں اجلاس کی صدارت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :