کراچی ،شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے

پیر 3 فروری 2014 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے اجتماع گاہ روڈ اورنگی ٹاوٴن 16نمبر گلشن بہار میں موٹر سائیکل سواروں نے28سالہ محمد کامران ولد محمد صدیق کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔پولیس کے مطابق مقتول سنی تحریک نیو کراچی کا سیکٹر ممبر تھا اور نیو کراچی سے اتحاد ٹاوٴن میں ملازمت پر فیکٹری جارہا تھا ۔

مقتول نیو کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔واقعہ کے بعد نیو کراچی میں مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا اور ہوائی فائرنگ کی ،جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔مقتول کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب ادا کی گئی اور اسے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 30سالہ محمد رمضان ولد محمد صادق کو ہلاک کردیا ۔

پولیس کے مطابق مقتول رمضان سبزی منڈی کا لوڈر تھا جو سامان لوڈ کرکے دکانوں پر پہنچاتا تھا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ مقتول قریب ہی گوٹھ کا رہائشی تھا ۔قائد آباد کے علاقے مدینہ کالونی کوہاٹ محلہ میں رکشہ میں سوار خاتون کو مسلح افراد نے گولیاں مارکر قتل کردیا ۔مقتولہ کی شناخت 25سالہ شامیان زوجہ غلام حیدر کے نام سے ہوئی ۔

پولیس کے مطابق قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔مقتولہ علی گوٹھ لانڈھی کا رہائشی بتائی جاتی ہے اور بہن کے ساتھ رکشے میں جارہی تھی ۔مبینہ ٹاوٴن تھانے کی حدود گلشن اقبال ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 28سالہ عبدالرحمن ،25سالہ ہمایوں ولد عدیل اور سرجانی ٹاوٴن میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے ،جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :