پشاور،سینماء دھماکہ،وزیراعلی نے تحقیقات کیلئے دوکمیٹی تشکیل دیدی، دہشت گردی کے افسوسناک واقعات میں خفیہ ہاتھ اور تیسری قوت کے طور پرملک و قوم دشمن عناصر ملوث ہیں ، پرویز خٹک

پیر 3 فروری 2014 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے تھانہ خان رازق شہید کے قریب سنیما گھر میں بم دھماکوں کی پولیس اور انتظامیہ کی سطح پر الگ الگ انکوائری کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ طالبان کی طرف سے اس انسانیت کش واقعے سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ دہشت گردی کے ان افسوسناک واقعات میں خفیہ ہاتھ اور تیسری قوت کے طور پرملک و قوم دشمن عناصر ملوث ہیں جن کا کھوج لگانا ضروری ہے اُنہوں نے واضح کیا کہ ملکی تاریخ کے موجودہ نازک مرحلے پر جبکہ حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات انتہائی سنجیدہ موڑ پرآگئے ہیں اس طرح کی دہشت گردی امن مخالف اور ملک و قوم دشمن قوتیں ہی کر سکتی ہیں تاکہ امن مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی ناکام ہوجائیں مگر ایسا نہیں ہونے دیا جائے گا کیونکہ پاکستانی قوم باشعور ہے انہوں نے تمام متعلقہ حکام کودھماکوں کی تمام زاویوں سے مکمل تحقیقات کرنے ، ملوث عناصر تک جلد ازجلد پہنچنے اور آئندہ ایسے اندوہناک واقعات کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے اس سانحے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے اور مقامی انتظامیہ کو اسکی جلد ادائیگی کا انتظام کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں انہوں نے کہا کہ شہید پیکیج کے تحت یہ رقم کسی طرح قیمتی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی البتہ یہ صوبائی حکومت کی طرف سے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شرکت اور یکجہتی کی علامت ضرور ہے۔

متعلقہ عنوان :