اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین اوگرا توقیرصادق کے خلاف نیب کو ریفرنس جمع کرانے کی ہدایت کردی،درخواست پر حتمی بحث 6فروری کو کی جائیگی

پیر 3 فروری 2014 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین اوگرا توقیرصادق کے خلاف نیب کو ریفرنس جمع کرانے کی ہدایت کردی، درخواست پر حتمی بحث چھ فروری کو کی جائیگی۔ پیر کو سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی درخواست ضمانت کی سماعت جسٹس ریاض احمد خان نے کی، نیب نے عدالت سے توقیر صادق کیخلاف حتمی ریفرنس جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مانگ لی، جس پر عدالت نے جلد از جلد ریفرنس جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

توقیرصادق کے وکیل عصمت اللہ نے عدالت کو بتایا کہ نیب بیس سے زیادہ مرتبہ سماعت ملتوی کرا چکا ہے، توقیر صادق کو جنوری دو ہزار تیرہ میں دبئی سے گرفتار کیا گیا، نو جولائی دوہزار تیرہ کو پاکستان ڈی پورٹ کرایا گیا، 65 دن بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔ ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود توقیر صادق کیخلاف ریفرنس جمع نہیں کروایا جارہا۔ نیب کی غلطی کی سزا میرے موکل کو ہی کیوں دی جا رہی ہے۔ عدالت نے حتمی بحث کیلئے سماعت چھ فروری تک ملتوی کردی۔