ملک میں امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائینگے ، صدر ممنون حسین ،پوری قوم ملک میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کامیاب اور بامعنی مذاکرات کی خواہاں ہے ، ملاقات میں گفتگو ،کمیٹی ملک میں دیرپا امن کے قیام کے مقصد کے تحت نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے پوری لگن سے کام کریگی ، عرفان صدیقی

پیر 3 فروری 2014 21:07

ملک میں امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ملک کو امن کا گہوارہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائینگے ، پوری قوم ملک میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کامیاب اور بامعنی مذاکرات کی خواہاں ہے ، انشاء اللہ ملک میں ضرور امن قائم ہوجائیگا ۔

وہ پیر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور اور امن مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی سے ایوان صدر میں گفتگو کررہے تھے صدر نے کہا کہ امن مذاکراتی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے حکومت نے عرفان صدیقی کو انتہائی قومی اہمیت کی حامل ذمہ داری سونپی ہے، امید ہے طالبان کے ساتھ مذاکرات جلد شروع ہوں گے کیونکہ پوری قوم ملک میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کامیاب اور بامعنی مذاکرات کے انعقاد کی طرف دیکھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ امن مذاکراتی کمیٹی کی سنجیدہ کوششیں ملک میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام میں معاون ہوں گی۔ عرفان صدیقی نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ کمیٹی ملک میں دیرپا امن کے قیام کے مقصد کے تحت نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے پوری لگن اور عزم کے ساتھ کام کرے گی۔ اس موقع پر صدر نے عرفان صدیقی سے ان کے برادر نسبتی آصف جمیل کے انتقال پر تعزیت بھی کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔