اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس افتخار محمد چودھری کو بلٹ پروف گاڑی اور سیکورٹی دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ،سابق چیف جسٹس کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر تھے ، ڈپٹی اٹارنی جنرل شیخ یعقوب کا عدالت میں بیان

پیر 3 فروری 2014 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو بلٹ پروف گاڑی اور سیکورٹی دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ ڈپٹی اتارنی جنرل شیخ یعقوب نے عدالت کو بتایا ہے کہ سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق سابق چیف جسٹس کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر تھے۔

(جاری ہے)

پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس ریاض احمد خان نے ریاض حنیف راہی کی انٹرا کورٹ اپیل درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ہے،شیر افضل ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب قانون موجود ہے تو صرف ایک جج کو سیکورٹی کیوں دی جارہی ہے اگر افتخار چودھری کو سیکورٹی دی جاسکتی ہے تو پھر باقی ریٹائرڈ ججز کو بھی سیکورٹی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ ملک میں حالات خراب ہیں۔ڈپٹی اتارنی جنرل شیخ یعقوب نے کہا کہ سابق چیف جستس کی سیکیورٹی کو جن ادروں کو چیلنج کرنا چاہیئے تھا انہوں نے نہیں کیا،درخواست گزاراس سے متاثر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں اس وجہ سے ان کو بلٹ پروف گاڑی اور سیکورٹی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :